بھٹکل کے قدیم علاقہ میں انڈر گراؤنڈ ڈرینیج کے مسائل کے حل کے لیے کرناٹک اربن واٹرس اینڈ ڈرینیج بورڈ کے صدر کو لکھا گیا خط

بھٹکل : (فکروخبرنیوز)  شہر کے قدیم علاقوں میں انڈر گراؤنڈ ڈرینیج کا پانی رس کر یہاں کے کنؤوں کے پانی کو خراب کرنے کی وجہ بن رہا ہے جس کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ کئی مرتبہ اس سلسلہ میں اقدامات کیے گیے لیکن ہر مرتبہ اس کا کوئی خاطر خواہ فائدہ عوام کو حاصل نہیں ہورہا ہے۔ مختلف تنظیموں ، اسپورٹس سینٹروں اور محلہ کے افراد نے بھی اس مسئلہ کے حل کے لیے کوششیں کیں لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکل رہا ہے۔

وارڈ نمبر 20 کے کونسلر فیاض ملا اور وارڈ نمبر 21 کی کونسلر فاطمہ کوثر نے مشترکہ طور پر جل بھون کرناٹک کے اعزازی چیرمین ونیا کلکرنی کو میمورنڈم کے ذریعہ اس مسئلہ کے حل کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔ انہوں نے میمورنڈم میں لکھا ہے کہ  شاذلی اسٹریٹ ، شوکت علی روڈ ، تکیہ اسٹریٹ ، فاروقی محلہ کے عوام سالوں سے کھلے کنؤوں کا پانی استعمال کرتے آرہے ہیں۔ حال ہی میں ان علاقوں میں اینٹوں کے پرانے مین ہولز کو نئے آر سی سی مین ہولز سے بدل دیا گیا ہے۔ چونکہ یہ مین ہول تکنیکی طور پر مناسب طور پر تعمیر نہیں کیے گئے ہیں اور بار بار بلاک ہوتے ہیں، اس لیے گندہ پانی ایک جگہ جمع ہو کر قریبی پینے کے پانی کے کنؤوں میں شامل ہوجاتا ہے، جس سے خوفناک بیماریوں کے پھیلنے کے خدشات پیدا ہوجاتے ہیں اور مجبوراً یہاں کے مکینوں کو آلودہ پانی استعمال کرنا پڑرہا ہے۔ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ہم نے کئی بار میونسپل چیف آفیسر بھٹکل، اسسٹنٹ کمشنر بھٹکل، ضلع کلکٹر اترا کنڑ اور سیوریج ایلیمینیشن بورڈ کے ٹھیکیداروں اور انجینئروں کو مطلع کیا ہے جو پروجیکٹ کا کام انجام دے رہے ہیں۔ بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہو گئی ہے کہ عوام گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔

چونکہ ان مین ہولز کی تزئین و آرائش کا کام ٹھیک طریقے سے نہیں چل رہا ہے اس لیے پینے کے پانی کے کنوؤں کو آلودہ ہونے سے روکنے کے لیے مذکورہ مین ہولز کو ہٹا کر دوبارہ درست طریقے سے نصب کیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس سلسلہ میں جل بھون کی طرف سے منارسب کارروائی جائے گی اور عوام کو اس سلسلہ کے درپیش مسائل سے چھٹکارا مل جائے گا۔

«
»

الیکٹرک اسکوٹر کمپنی میں لگی آگی ، تین ہزار الیکٹرٹ موٹر سائکلیں اور دو ہزار پرزے جل کر خاکستر

ہماچل پردیش : عدالت نے شملہ مسجد کی تین منزلوں کو منہدم کرنے کا دیا حکم