بھٹکل : انجینئرنگ کی تعلیم کے ساتھ حفظِ قرآن کی تکمیل، حافظ طاؤس احمد رکن الدین کے اعزاز میں جلسہ

بھٹکل:   سن شائن اسپورٹس سینٹر کے رکن جناب حسن شبر کے فرزند حافظ  طاؤس احمد رکن الدین نے انجمن حامی مسلمین بھٹکل سے انجینیئرنگ کی تعلیم جاری رکھنے کے دوران حفظ قرآن کی بھی تکمیل کی ہے۔

تکمیلِ حفظ کے موقع پر سن شائن کی طرف سے ایک تہنیتی نشست منعقد کی گئی جس میں ان کی تہنیت کرتے ہوئے ان کی خدمت میں مبارکباد پیش کی گئی۔ حافظ طاؤس نے اپنے تأثرات کے دوران کہا کہ اپنے ماموں زاد بھائی حافظ شماس گولٹے ندوی کے حفظِ قرآن کے شوق دلانے کے بعد ان کے اندر حافظِ قرآن بننے کا داعیہ پیدا ہوا۔ ان کے انتقال کے بعد میری سمجھ میں نہیں آیا کہ کیا کروں؟ اسی کشمکش میں چند ماہ گزرگیے۔ اس سلسلہ میں میں نے امام و خطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی سے مشورہ کیا جس کے بعد میں نے باقاعدہ شعبۂ حفظ جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عرفان ندوی کے پاس حفظِ قرآن کا سلسلہ جاری رکھا اور یوں میں نے اس کی تکمیل کی۔ انہوں نے مرحوم حافظ شماس ندوی کا بار بار تذکرہ کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعائیں بھی کیں۔ اسی طرح اپنے استاد حافظ عرفان ندوی اور صدر شعبۂ حفظ مولانا عمران اکرمی صاحب کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر اسٹیج پر موجود علماء اور دانشوران نے اپنے تأثرات کے دوران کہا کہ عصری تعلیم کے ساتھ حفظِ قرآن کی تکمیل واقعی کارنامے سے کم نہیں ہے۔ آج کے دور میں جبکہ ہر طرف وقت کے ضیاع کی شکلیں موجود ہیں، ایسے میں اپنے أوقات کو منظم کرنا اور اس کو کارآمد بنانے کے لیے حافظ طاؤس سے سیکھنا چاہیے۔

مولانا عمران اکرمی نے حفظ قرآن کے تعلق سے بہت قیمتی باتیں سامعین کے سامنے رکھیں اور حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے قرآن مجید کو حفظ کرنے کی ترغیب کے ساتھ ساتھ حفظ کرنے کے بعد اس پر جمے رہنے کی فضیلت بتاتے ہوئے حفظ کے بعد اسے بھول جانے پر قرآن و حدیث کی روشنی پر وعیدوں کا بھی ذکر کیا۔

واضح رہے یہ پروگرام بھٹکل قاضیہ مسجد میں سنشائن سپورٹ سینٹر کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا جس میں جامعہ اسلامیہ کے صدر شعبۂ حفظ مولانا عمران اکرمی ندوی نے حافظ طاؤس احمد رکن الدین کا ختم قران بھی کیا۔ اس موقع پر عوام کی ایک بڑی تعداد بھی موجود رہی۔ مصدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم قاسمی کی دعا پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔

بھٹکل : سرابی ندی کی صفائی کے لیے 10 کروڑمنظور، کاروار سے محکمہ آب پاشی کی ٹیم کا دورہ ، مانسون کے بعد کام شروع ہونے کی امید

آسام بے دخلی مہم : پہلے ہزاروں خاندانوں کوکیا گیا بےگھر ،پھرمظاہرین پر پر برسی گولیاں ، اور اب گرفتاریوں کادور