بھٹکل : مجلس اصلاح وتنظیم کی طرف سے نعتیہ اور کوئز مقابلہ

بھٹکل : (فکروخبرنیوز) ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبی ﷺ کے عنوان کے تحت مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی طرف سے کل رات بعد عشاء نعتیہ اور کوئز مقابلے کا انعقاد شہر کے آمنہ پیلس میں کیا گیا جس میں مختلف مدارس اور اسکولوں کے طلبہ نے اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

نعتیہ مقابلہ میں طلبہ نے اپنے ادروں کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے اپنی صلاحتیوں کا مظاہرہ کیا جس میں مدرسہ خیرالعلوم کے محمد شعور ابن عبدالشکور عسکری نے اول انعام ،انجمن کالج کے محمد علی شاذارمار کو دوسرا مقام جبکہ نونہال سینٹرل اسکول کے نائف احمد جوکاکو نے تیسرا انعام حاصل کیا۔

کوئیز مقابلے بڑا ہی دلچسپ رہا ۔ مقابلوں میں پوائنٹس کے برابر ہونے کے نتیجہ میں کئی مرتبہ ٹیموں کو مقررہ سوالات سے زائد سوالات کرنے پڑے جس میں بھی طلبہ نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بالآخر مقابلہ کو اختتام تک پہنچانے کے لیے قرعہ اندازی کرنی پڑی۔ بعض جوابات سے حاضرین مطمئن نظر نہیں آئے اور آئندہ اس کے طرح کے پروگرامات منظم انداز میں منعقد کرنے پر زور دیا۔ کوئز مقابلہ کی نظامت بھٹکل نیوز کے ایڈیٹر عتیق الرحمن شاہ بندری نے کی۔ اس مقابلہ میں اول مقام جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی ٹیم نے حاصل کیا۔ دوم شمس اسکول کی ٹیم رہی۔ اول اور دوم آنے والی ٹیموں کو مجلس اصلاح وتنظیم کی طرف سے انعامات سے نوازا گیا۔

پروگرام کی صدارت مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کی، جبکہ نائب صدر عتیق الرحمن منیری، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی اور تنظیم کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ پروگرام میں حاضرین کی بڑی تعداد موجود رہی ۔

طلبہ کی بہترین کارکردگی پرتنظیم کی جانب سے کوئز اور نعتیہ مقابلے میں شریک تمام طلبہ کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔