بھٹکل : اسکول کے بچوں کو لے جا رہی ایک وین میں شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے اگ لگنے سے گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی ہے۔یہ حادثہ شہر کے وینکٹاپور اہم شاہراہ 66 پر پیش ایا جبکہ اسکول وین نیو شمس انگلش میڈیم اسکول کی ہے۔ اسکول کے ایک ذمہ دار کی طرف سے دی گئی تفصیلات کے مطابق حادثے کے دوران اسکول وین میں دو بچے سوار تھے جنہیں فوری طور پر بحفاظت باہر نکالا گیا ، حادثے میں کسی کو بھی نقصان نہیں پہنچا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ جیسے ہی ڈرائیور کو آگ لگنے کا علم ہوا فوری طور پر سڑک کے کنارے اس نے گاڑی روک دی اور دونوں بچوں کو باہر نکالنے میں کامیاب رہا۔ کچھ ہی دیر بعد فائر برگیڈ عملہ نے پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ اسکول کے استاد جناب رضا مانوی نے فکر و خبر کو بتایا کہ حادثہ میں کسی کو بھی نقصان نہیں پہنچا ہے البتہ گاڑی جل کر تباہ ہو گئی ہے۔