بھٹکل : سرابی ندی کی صفائی کے لیے 10 کروڑمنظور، کاروار سے محکمہ آب پاشی کی ٹیم کا دورہ ، مانسون کے بعد کام شروع ہونے کی امید

بھٹکل: (فکروخبرنیوز) بھٹکل کے تاریخی محلوں سے گزرنے والی سرابی ندی کی صفائی کے لیے حکومتِ کرناٹک کی جانب سے 10 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ چھوٹی آبپاشی کاروار کی ایک ٹیم نے سنیچر کو بھٹکل کا دورہ کیا اور ندی کے مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔

دورے میں اسسٹنٹ ایکزیکیٹیو انجینئر پرشانت اور دیگر افسران نے مجلس اصلاح و تنظیم، ٹاؤن میونسپالٹی کونسلرز، اور سرابی ندی ہوراٹا سمیتی کے اراکین کے ساتھ مل کر غوثیہ اسٹریٹ، ڈونگرپلی، خلیفہ اسٹریٹ اور دیگر علاقوں کا جائزہ لیا۔ عوامی نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ ندی کو 1.5 سے 2 میٹر تک گہرا کر کے صفائی کی جائے اور ڈونگرپلی میں بیریج تعمیر کیا جائے تاکہ صاف پانی کا ذخیرہ ممکن ہو سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ہوراٹا سمیتی نے ندی کی خستہ حالی کے خلاف احتجاج کیا تھا، جس کے بعد رکن اسمبلی منکال وئیدیا کی کوششوں سے فنڈ منظور ہوا۔ تاہم محکمہ کا ماننا ہے کہ مکمل صفائی، پچنگ اور بیریج کی تعمیر کے لیے یہ رقم ناکافی ہے۔

اس موقع پر تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ ابتدائی کام اسی بجٹ سے شروع ہوگا، جبکہ مکمل منصوبے کے لیے مزید فنڈ کی منظوری کی کوششیں جاری رہیں گی۔

ایڈوکیٹ عمران لنکا نے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر سی این پرشانت کو بتایا کہ سرابی ندی، جو چوتنی سے بندر اور بحر عرب تک تقریباً پانچ کلومیٹر پھیلی ہوئی ہے، مٹی، کیچڑ اور جھاڑیوں سے بھر گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف صفائی کافی نہیں ہوگی، بلکہ ندی کے کناروں پر مضبوط کنکریٹ دیوار (پچنگ) بنانا اور ڈونگرپلی میں ایک بیریج تعمیر کرنا بھی ضروری ہے۔ اس سے ندی میں صاف پانی جمع ہوگا اور زیر زمین پانی کی سطح بہتر ہو گی، جس سے مقامی کنوؤں میں بھی صاف پانی پہنچے گا۔

ہوراٹا سمیتی کے ذمہ دار ایڈوکیٹ مولوی تیمور گوائی ندوی نے ندی کی تاریخی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی ، جناب عزیز الرحمن رکن الدین ، ٹاؤن میونسپلٹی کے انچارج صدر جناب محی الدین الطاف رکن الدین اور دیگر موجود تھے۔

کاروار: موسلادھار بارش کے دوران درخت گرنے سے 55 سالہ خاتون جاں بحق

بھٹکل : انجینئرنگ کی تعلیم کے ساتھ حفظِ قرآن کی تکمیل، حافظ طاؤس احمد رکن الدین کے اعزاز میں جلسہ