بھٹکل: طوفانی لہروں سے الگ ہوا بارج جالی بیچ پر آ پہنچا

بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل میں مسلسل تیز بارش اور بحیرہ عرب میں بلند لہروں کے نتیجے میں ایک مال بردار "فلیٹ ٹاپ بارج” منگل کی صبح جالی بیچ کے ساحل سے ٹکرا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ بارج شدید موسم کی وجہ سے اپنے مرکزی جہاز سے الگ ہو کر ساحل تک آ پہنچا۔

ماہی گیروں نے دن کی شروعات میں ساحل کے قریب ایک بڑا آہنی پلیٹ فارم نما ڈھانچہ دیکھا، جس پر فوری طور پر کوسٹل سیکیورٹی پولیس کو اطلاع دی گئی۔ ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ تیز ہواؤں اور اونچی لہروں نے بارج کی رسی کو توڑ دی جس کے باعث وہ بہتا ہوا ساحل تک آ گیا۔

واقعہ کی خبر پھیلتے ہی جالی بیچ پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ کوسٹل سیکیورٹی فورس موقع پر پہنچ کر بارج کی نوعیت اور حالات کا معائنہ کرنے میں مصروف ہو گئی۔

کوسٹل پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مذکورہ بارج کوچین شپ یارڈ کی ملکیت ہے اور کیرالہ سے ممبئی کی طرف جا رہا تھا۔ اہلکار کے مطابق پیر کی رات تقریباً 8 بجے خراب موسم کے باعث یہ بارج اپنے اصل جہاز سے جدا ہو گیا۔ کمپنی کو واقعہ سے باخبر کر دیا گیا ہے، اور اُنہوں نے تصدیق کی ہے کہ ایک ٹیم کو بھٹکل روانہ کیا جا رہا ہے تاکہ بارج کو واپس منتقل کیا جا سکے۔

یہ واضح رہے کہ "فلیٹ ٹاپ بارج” ایک خاص قسم کا بڑا پلیٹ فارم ہوتا ہے جو سمندر پر تیرتا ہے اور عام طور پر بھاری مشینیں، تعمیراتی ساز و سامان یا دیگر سامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اسرائیل-ایران جنگ: یوپی کے مزدور اسرائیل میں خوف کے سایہ میں!

بھٹکل کے محمد فاروق شاہ بندری (نقاش نائطی) کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض