بھٹکل : رابطہ سوسائیٹی کا گیٹ ٹو گیدھر ، بھٹکل کے نوجوان سرکاری ملازمتوں میں آگے بڑھیں، قوم کو ضرورت ہے: ساجد ملا

بھٹکل (فکروخبرنیوز) رابطہ سوسائٹی بھٹکل کی طرف سے کل شام مولانا بنگلہ میں گیٹ ٹوگیدر پروگرام منعقد کیا گیا جس میں سماجی کارکنان ، مختلف اداروں کے ذمہ داران اور مختلف مذاہب کے لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اس بات کا اظہار کیا گیا کہ گزشتہ چند سالوں سے اس طرح کے پروگرام منعقد نہیں ہو پا رہے ہیں خصوصا کوویڈ کے بعد سے اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے کا یہ پہلا موقع ہے۔

رابطہ کے جنرل سیکرٹری عتیق الرحمن منیری نے کہا کہ خلیجی ممالک میں پانچ ہزار سے زائد بھٹکلی مقیم ہیں جو شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے رابطہ کے تحت انجام پانے والی مختلف تعلیمی اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالی اوربتایا کہ بھٹکل والوں کی خصوصیت ہے کہ وہ جہاں بھی رہتے ہیں وہاں جماعت سے جڑے رہتے ہیں اور جس جس ممالک میں ہمارے احباب گیے وہاں انہوں نے جماعتوں کا ایک سسٹم شروع کیا اور سن 1991 میں انہی خلیج کی تمام جماعتوں پر مشتمل ایک متحدہ پلیٹ فارم بھٹکل مسلم خلیج کونسل قائم کیا گیا جس میں قائد قوم سید خلیل الرحمن سی اے کا اہم کردار رہا۔

مہمان خصوصی ضلع ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جناب ساجد ملا نے نوائط کمیونٹی کی سرکاری ملازمتوں میں کمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کے لوگ ہر میدان میں نمایاں رہتے ہیں ، اب وقت آگیا ہے کہ وہ سماجی اور قومی خدمات میں بھی آگے آئیں اور سرکاری محکموں میں بھی اپنی خدمات پیش کریں۔

مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ بھٹکل میں مسلمان اور غیر مسلم بھائی چارے کے ساتھ رہتے آرہے ہیں لیکن ادھر کچھ سالوں قبل بعض صحافیوں نے بھٹکل کے مسلمانوں کی غلط تصویر پیش کی۔ اس بات کی تائید کرتے ہوئے بھٹکل سرکاری ہسپتال کی انچارج ڈاکٹر نے بھی کہا کہ اس سے بھٹکل کی سماجی ہم آہنگی متاثر ہوئی ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر اور ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر منکال ویئدیا کی صاحبزادی بینا وئیدیا نے بھی بھٹکل کے بھائی چارے کے ماحول کی خوب تعریف کی۔

پروگرام میں بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر سریش نائک ، انجمن حامی مسلمین بھٹکل کے صدر جناب یونس قاضیا ، بھٹکل انچارج اسسٹنٹ کمشنر کاویا رانی فوریسٹ افیسر یوگیش بھٹکل مضافاتی پولیس تھانے کے انسپکٹر منجوناتھ لنگا ریڈی اور راجیش نائک وغیرہ بھی موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، اغراض ومقاصد اور استقبالیہ کلمات رضا مانوی نے پیش کیے۔ شکریہ پروگرام کے کنوینر قمر سعدا نے ادا کیا۔ صدارت رابطہ کے صدر جناب مصباح عمر فاروق نے پروگرام کی صدرات کی۔

کرناٹک حکومت کا بڑا فیصلہ: ایس سی کوٹہ میں داخلی ریزرویشن، جسٹس ناگموہن داس کمیشن کی رپورٹ منظور ، پرایا اور موگیرا ایس سی رائٹ میں منتقل

مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں 22 اگست کو دہلی کے جنتر منتر پر مظاہرہ