پرانی مچھلی مارکیٹ نہیں ہوگی بند ، صرف بڑی گاڑیوں کی آمدورفت روکی جائے گی : وزیرضلع انچارج نے مچھلی مارکیٹ کا کیا دورہ

بھٹکل (فکروخبر نیوز) یکم ستمبر سے نئی مچھلی مارکیٹ کے افتتاح کی خبروں کے بعد مچھلی فروخت کرنے والوں کی بڑھتی تشویش اور پرانی مچھلی مارکیٹ کو چھوڑ کر کہیں نہ جانے کی ضد کے درمیان آج وزیر انچارج ضلع اتراکنڑا اور مقامی ایم ایل اے منکال وئیدیا نے پرانی مچھلی مارکیٹ کا دورہ کیا اور مچھلی فروخت کرنے والوں سے گفتگو کی۔ اس دوران مچھلی فروخت کرنے والوں نے اس بات کا برملا اظہار کیا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے وہ کسی حال میں پرانی مچھلی مارکیٹ چھوڑ کر کہیں جانے والے نہیں ہے۔ وزیر انچارج نے اخبارنویسیوں اور مچھلی فروخت کرنے والوں سے دوٹوک انداز میں کہا کہ پرانی مچھلی مارکیٹ کو بند نہیں کیا جارہا ہے البتہ یہاں بڑی گاڑیوں کی آمدورفت بند کی جارہی ہے تاکہ سڑک سے گزرنے والوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ گورٹے سے وینکٹاپور ندی کے دورمیان 25 جگہوں پر مچھلیاں فروخت کی جارہی ہے اور ہر ایک کو ان کی پسندیدہ جگہوں پر مچھلی فروخت کرنے کی اجازت ہے لیکن سڑک کنارے مچھلیاں فروخت کرنے سے سواریوں اور راہگیروں کے لیے پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

وزیر کے مچھلی مارکیٹ آتے ہی مچھلی فروخت کرنے والوں نے گھیرلیا اور درخواست کی کہ کسی بھی صورت میں پرانی مچھلی مارکیٹ کو منتقل نہ کیا جائے جس پر وزیر نے کہا کہ آپ کو کس نے بتایا ہے کہ پرانی مچھلی مارکیٹ بند کی جارہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم پرانی مچھلی مارکیٹ کی جگہ نئی کمرشیل عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں لیکن اس منصوبہ پر کام شروع کرنے سے پہلے سبھوں سے صلاح ومشورہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2018 میں اسپتال روڈ پر اس وقت کے وزیر انچارج آر وی دیش پانڈے کے ہاتھوں سہولیات سے لیس نئی ہائی ٹیک مچھلی مارکیٹ کا افتتاح عمل میں آیا تھا لیکن تقریباً سات سال گزرنے کے باوجود وہاں مچھلیاں فروخت کرنے کا عمل شروع نہیں ہوا ہے۔ اب میونسپل کے اعلان کے مطابق یکم ستمبر سے اس کا باقاعدہ آغاز ہورہا ہے۔

گجرات : اسکول کے معمولی جھگڑے کوفرقہ وارانہ مہم بنانے کی سازشیں ، مسلم طلبہ کے مستقبل پر خطرات

بنگلور بھگدڑ معاملہ : آر سی بی فرنچائزی نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو25-25 لاکھ معاوضے کا کیا اعلان