بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل ٹاؤن میونسپلٹی نے عوام کو ایک اہم اطلاع جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پر دھان منتری آواس یوجنا (PMAY) کے تحت کچے مکانات میں رہنے والے یا جن کے پاس خالی رجسٹرڈ زمین ہے لیکن ذاتی مکان نہیں ہے، ایسے اہل افراد کو حکومت کی رہائشی اسکیم سے فائدہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے چند ضروری شرائط مقرر کی گئی ہیں:
سب سے پہلے مکان یا زمین عورت کے نام پر ہونی چاہئے۔ درخواست گزار کی سالانہ آمدنی 87,600 روپے سے کم ہونی چاہیے، اور اس کا ثبوت انکم سرٹیفکیٹ اور راشن کارڈ کے ذریعے دینا ہوگا۔ درخواست دہندہ یا اس کے خاندان کے کسی بھی فرد کو پہلے ریاست کے کسی بھی مقام پر رہائشی امداد حاصل نہ ہوئی ہو، اور ان کے پاس ذاتی مکان نہ ہو۔
تمام گھر کے افراد کے آدھار کارڈ کی نقول ضروری ہیں، ساتھ ہی اگر کوئی معذور ہے تو اس کی تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ، کاسٹ اور انکم سرٹیفکیٹ بھی مطلوب ہوگا۔ مزید درخواست گزار نے حکومت کے کسی اور رہائشی اسکیم یا محکمہ جاتی سہولت سے فائدہ نہ اٹھایا ہو۔
درخواست کے ساتھ پاسپورٹ سائز فوٹو، کسی نیشنل بینک کی پاس بک کی کاپی، راشن کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ اور آدھار کارڈ سے منسلک موبائل نمبر فراہم کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی پین کارڈ کی نقل بھی درخواست کے ساتھ ضروری ہے۔
بھٹکل ٹاؤن میونسپلٹی کے صدر اور چیف آفیسر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مقررہ وقت کے اندر اپنی درخواستیں مکمل دستاویزات کے ساتھ جمع کروائیں تاکہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی رہائشی امداد حاصل کی جا سکے۔




