بھٹکل: جدید سہولیات سے آراستہ مچھلی مارکیٹ یکم ستمبر سے شروع

بھٹکل: بھٹکل ٹاؤن میونسپل کونسل کے انچارج صدر محی الدین الطاف کھروری نے اعلان کیا ہے کہ ہاسپٹل روڈ پر تعمیر کردہ نئی ہائی ٹیک مچھلی بازار کو یکم ستمبر سے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس مچھلی مارکیٹ میں خرید و فروخت کا باقاعدہ آغاز یکم ستمبر سے ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دکانوں کی نیلامی کا عمل مکمل کر لیا گیا۔عبدالقادر فیصل عرف شمس کوبٹے نے اس نیلامی میں سب سے زیادہ بولی لگائی اور مچھلی منڈی کا ایک سال کا لیز جیت لیا۔

الطاف کھروری کے مطابق اس جدید مچھلی منڈی میں 60 سے زائد اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جہاں بیٹھ کر مچھلی فروخت کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ پہلی منزل پر دفاتر قائم کرنے یا سیلز کا کام جاری رکھنے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ خریداروں اور بیچنے والوں کو بیت الخلا اور باتھ روم سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مچھلی کی فروخت کے لیے درکار تمام معیاری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

کوسٹل ڈیولپمنٹ بورڈ سے 1.38 کروڑ روپے گرانٹ: 17-2016 میں کوسٹل ڈیولپمنٹ بورڈ نے بھٹکل میں ایک ہائی ٹیک مچھلی بازار کی تعمیر کے لیے 1.38 کروڑ روپے کی منظوری دی تھی۔ تعمیراتی کام 2018 میں مکمل ہونے کے بعد اس وقت کے ضلع انچارج وزیر آر وی۔ دیش پانڈے نے اس کا افتتاح کیا۔ تاہم گزشتہ سات آٹھ سالوں سے مختلف مسائل کی وجہ سے پرانی منڈی بند نہیں ہو سکی اور مچھلی کی تجارت کو نئی منڈی میں منتقل نہیں کیا جا سکا۔ اب میونسپل کونسل کے جنرل اجلاس میں نئی ہائی ٹیک مچھلی منڈی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق صفائی اور معمولی مرمت کے کام کے بعد یکم ستمبر سے مارکیٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

الطاف کھروری نے بھٹکل کے عوام اور مچھلی کے تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ یکم ستمبر سے نئی مچھلی منڈی میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں اور اس بازار سے ہی مچھلی خریدیں۔ انہوں نے ان سے نئی مچھلی منڈی کے افتتاح کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے اور اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کو یہاں مچھلی خریدنے کی ترغیب دینے کی بھی درخواست کی ہے۔ اس موقع پر ٹی ایم سی کے سربراہ وینکٹیش نوادا اور میونسپل اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین قیصر محتشم بھی دیگر کونسلروں کے ساتھ موجود تھے۔

"قواعد ہمیں پابند نہیں کرتے”: سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کا بہار کے 65 لاکھ حذف شدہ ووٹرز کی تفصیلات شیئر نہ کرنے کا فیصلہ

دھرماستھلا لاپتہ افراد کیس: حساس مقام پر شواہد مٹانے کے سنگین الزامات