بھٹکل (فکروخبر نیوز) انجمن پری یونیورسٹی (پی یو) کالج بھٹکل میں جناب محمد منیب ابن محسن سعدا کو پرنسپال کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔ جس کا باضابطہ اعلان انجمن پی یو بورڈ نے ان کی اعلیٰ تعلیمی قابلیت اور طویل تدریسی تجربے کے اعتراف میں کیا ہے۔
جناب منیب انجمن اداروں کے فخر سمجھے جانے والے سابق طالب علم ہیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول (IAUHS) سے حاصل کی، جب کہ پی یو کی تعلیم انجمن پی یو کالج سے مکمل کی۔ بعد ازاں انجمن ڈگری کالج سے بی کام اور منگلور یونیورسٹی سے ایم کام کی ڈگری حاصل کی۔ مزید تعلیم کے لیے وہ ملائیشیا گئے جہاں یونیورسٹی اترا ملائیشیا سے فنانس میں ایم ایس سی کیا اور فی الحال وہیں سے پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔
تعلیم مکمل کرنے کے بعد جناب منیب نے 2010 میں انجمن ڈگری کالج میں بطور لیکچرر تدریسی سفر کا آغاز کیا اور چار سال خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد عمان کی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اپلائیڈ سائنسز میں چھ سال تدریسی خدمات انجام دے کر قیمتی بین الاقوامی تجربہ حاصل کیا۔ یوں وہ 14 سالہ تدریسی تجربے کے ساتھ — سات سال بھارت اور سات سال بیرونِ ملک — اپنی نئی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔
نئے پرنسپل کی حیثیت سے ان کا کہنا ہے کہ وہ سابق پرنسپل یوسف کولا کی قائم کردہ بنیادوں پر مزید بہتری لاتے ہوئے کالج میں تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور طلبہ کی رہنمائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کے مطابق مقصد یہ ہے کہ طلبہ نہ صرف علمی میدان میں بلکہ عملی زندگی اور کیریئر سازی میں بھی بہتر رہنمائی حاصل کریں۔
فکروخبر کی ٹیم اس باوقار عہدہ پر منتخب ہونے پر جناب محمد منیب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہے اور ان کی کامیاب علمی و انتظامی خدمات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے۔




