بھٹکل میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش : کئی مکانوں کی چھتیں اڑگئیں ، 27 بجلی کھمبے گرے ، کئی علاقوں میں بجلی متأثر

بھٹکل (فکروخبرنیوز) جمعرات سے جاری بارش نے آج تیز ہواؤں کے ساتھ شدت اختیار کرلی۔ دوپر کے وقت موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی علاقوں سے نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ تیز ہواؤں نے کئی مکانات کی چھتیں اُڑا دیں، درخت جڑ سے اُکھڑ کر گھروں اور دکانوں پر جا گرے، اور کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے بھی گرنے سے بجلی فراہمی متاثر ہوئی۔ وی وی روڈ، مین روڈ اور آس پاس کے علاقوں میں دکانوں کے سائن بورڈ اور ایک ہوٹل کی چھت اُڑ گئی، جب کہ ایک کمپلیکس میں رکھی بچوں کے ملبوسات بھی آندھی اڑا لے گئی۔

تحصیلدار دفتر سے ملی رپورٹ کے مطابق مختلف دیہاتوں میں کئی گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ ہدلور، بینگرے-2، کوپا کولکی، موڈبھٹکل، کیرتی نگر اور ماروتی نگر جیسے علاقوں میں درختوں کے گرنے سے مکانوں کی چھتیں تباہ ہوئیں یا دیواریں ٹوٹ گئیں۔ مخدوم کالونی میں بھی ایک خاتون کے گھر کی چھت اُڑ گئی۔ محکمہ ہیسکام نے بتایا کہ اتوار کی شام تک 27 بجلی کے کھمبے اور تین ٹرانسفارمر گر چکے ہیں، جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی منقطع رہی۔ مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، جمعہ صبح سے سنیچر صبح تک 36.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ سنیچر سے اتوار صبح تک 43 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اتوار کو بھی وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔

بارش کی وجہ سے دو ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

احمد آباد طیارہ حادثہ : کیا ‘مے ڈے’ کال کی اصل حقیقت اب سامنے آئے گی؟

کیدارناتھ جاتے ہوئے ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار : پائلٹ سمیت سات افراد ہلاک