بھٹکل : 150 گھروں کی الاٹمنٹ، ایپ میں مسائل : بھٹکل میں سروے کے خلاف اساتذہ برہم ، بائیکاٹ کا اعلان

بھٹکل (فکروخبرنیوز) تعلقہ میں جاری سماجی اور تعلیمی سروے 2025 کو لے کر اساتذہ یونینوں نے کئی خامیوں اور مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ اساتذہ نے واضح کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پر کارروائی نہیں ہوتی، وہ سروے کے کام میں حصہ نہیں لیں گے۔

کرناٹک گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن (KGEA) کی بھٹکل شاخ اور پرائمری اسکول ٹیچرس ایسوسی ایشن نے تحصیلدار کو پیش کی گئی عرضداشت میں متعدد مسائل اٹھائے ہیں۔ ان میں مکانات کی فہرست فراہم کیے بغیر ذمہ داری سونپنا، ایک سروے کرنے والے کو 150 سے زائد گھروں کی الاٹمنٹ، مردم شماری ایپ میں تکنیکی مشکلات، ضروری سامان کی عدم فراہمی، اور نامعلوم و دور دراز علاقوں میں خواتین اساتذہ کی ڈیوٹی لگانا شامل ہے۔

تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہری علاقوں میں خواتین اساتذہ کو انفرادی احکامات کے ساتھ تعینات کیا جائے اور ان کے ساتھ معاون عملہ بھی فراہم کیا جائے تاکہ کام آسانی سے مکمل ہو سکے۔ یونینوں نے یہ بھی کہا ہے کہ جب تک یہ مسائل حل نہیں ہوتے وہ سروے کے کام کا حصہ نہیں بنیں گے۔

میمورنڈم کی پیشی کے دوران کرناٹک گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر ایم این نائک، پرائمری اسکول ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صدر الاس نائک سمیت درجنوں اساتذہ موجود تھے۔

اسپورٹس کے میدان میں اتحاد پبلک اسکول کے طالب علم مجتبیٰ کی شاندار کامیابی ، ضلعی سطح کے لیے منتخب

اتراکھنڈ میں سوسالہ قدیم مسجد سیل