بھٹکل میں جنا اسپندنا پروگرام،نیشنل ہائے وے سمیت کئی اہم بنیادی مسائل حل نہ ہونے کی عوام کی شکایات ، جانیے وزیرضلع انچارج نے کیا کہا؟؟

بھٹکل (فکروخبرنیوز) عوامی مسائل کے حل اور افسران سے براہ راست مسائل سامنے رکھنے کے لیے کملاوتی شانبھاگ ہال میں ’جنا اسپندنا‘ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور اپنی شکایات تحریری و زبانی طور پر پیش کیں۔

افتتاح کرتے ہوئے وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ دیہی عوام کو دفاتر کے چکر سے بچانے کے لیے ریاستی حکومت نے جنا اسپندنا اسکیم شروع کی ہے، جس کا مقصد شکایات کا بروقت ازالہ ہے۔ انہوں نے افسران کو خبردار کیا کہ عوامی مسائل کو نظرانداز نہ کریں، بصورتِ دیگر کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے بتایا کہ گزشتہ پروگراموں میں ہزاروں شکایات حل کی جاچکی ہیں اور ضرورت مندوں کو 93 لاکھ روپے کی لاگت سے امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے  کہا کہ پچھلے جنا سپندنا پروگراموں میں موصولہ 941 ضلعی سطح اور 975 تعلقہ سطح کی شکایات کو حل کیا جا چکا ہے۔  انہوں نے اس کا بھی اعلان کیا کہ ضلع میں جلد چھ نئی اندرا کینٹینیں شروع ہوں گی۔

پروگرام میں پیش کی گئی 111 شکایات میں زمین کے سروے، جائیداد کے کاغذات، سڑکیں، بجلی، پنشن، اور اسکول داخلے جیسے مسائل شامل تھے۔ وزیر نے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی لاپروائی، دواؤں کی قلت اور اینڈوسلفان متاثرین کے علاج سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات دیئے گیے۔

نیشنل ہائی وے 66 کی تاخیر پر وزیر نے سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، اب اگر کام مکمل نہ ہوا تو ٹول فیس کی وصولی روکنے کی نوبت آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات کی صورت میں ٹھیکیداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

ایک معمر جوڑے نے سرکاری زمین پر رہائش کی اجازت کی فریاد کی جس پر وزیر نے متبادل گھر فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔

اس موقع پر ضرورتمندوں میں ٹووھیلر بھی تقسیم کیے گیے۔

پروگرام میں مختلف عوامی مسائل پر توجہ دی گئی جن میں منکی میں بسوں کے نہ رکنے کا مسئلہ، بھٹکل میں پاسپورٹ دفتر و آر ٹی او کے قیام، غیر قانونی اسٹالز کی برخواستگی اور چیک پوسٹ کی منتقلی جیسے امور شامل تھے۔

پروگرام میں ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے صدر ستیش نائک، ایڈیشنل ڈی سی ساجد ملا، ایڈیشنل ایس پی جگدیش، اسسٹنٹ کمشنر کاویا رانی سمیت کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔

کونکن ریلوے کو انڈین ریلوے میں ضم کرنے کی کوششیں جاری: مرکزی وزیر ریلوے وی سومنا کا بیان

ترکیہ کو بحیرہ اسود میں 30 بلین ڈالر کی گیس کے ذخائر کی بڑی دریافت