بھٹکل(فکروخبر نیوز) رمضان کے آخری عشرہ کو پہلے دو عشروں پر فضیلت حاصل ہے۔ اس طور پرکہ اس میں ایک ایسی رات جس میں عبادت ہزار مہینوں سے افضل ہے ، جس رات کو لیلۃ القدر سے یاد کیا جاتا ہے۔ اسی رات کی تلاش کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد نبوی میں ہر سال اعتکاف کا اہتمام کیا ۔ اسی سنت کی پیروی کرتے ہوئے دنیا بھر میں کروڑوں افراد اخیرعشرہ کا اعتکاف کرتے ہیں۔
بھٹکل میں بھی مختلف مساجد میں اعتکاف کا اہتمام ہر سال کیا جاتا ہے۔ جامع مسجد بھٹکل کے علاوہ دیگر جمعہ مساجد اور وقتیہ مساجد میں بھی اعتکاف کیا جاتا ہے اور لوگ اپنی سہولت کے مطابق مساجد کا انتخاب کرتے ہیں۔ یوں تو مساجد میں سب سے بڑی تعداد امسال جامع مسجد میں ہے۔ اس کے علاوہ خلیفہ جامع مسجد ، مسجد تنظیم نوائط کالونی ، مدینہ جمعہ مساجد ، جمعہ مسجد نور ، مخدومیہ جمعہ مسجد اور دیگر وقتیہ مساجد میں بھی بڑی تعداد میں لوگ اعتکاف میں ہیں جس سے مساجد کی رونقیں بڑھ گئیں ہیں۔ دس روز مسلسل اعتکاف کرنے والوں کے علاوہ رات کا اعتکاف کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد ہے اور یوں مساجد راتوں میں بھی عبادت سے پرنور ہیں۔