بھٹکل (فکروخبرنیوز) مدینہ کالونی کے سڑکوں کی خستہ حالی کو دیکھتے ہی یہاں کی عوام کی جانب سے میمورنڈم پیش کرنے کے بعد چیف آفسیر میونسپل کمیٹی اور دیگر نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وہاں موجود مدینہ ویلفیر سوسائیٹی کے ذمہ داران اور عوام نے یہاں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس سے قبل سوسائیٹی کی جانب سےچیف آفیسر کو بھی ایک یاددداشت پیش کی جاچکی ہے جس میں تفصیلی طور پر عوام کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد حل کرنے کی گذارش کی گئی تھی۔

چیف آفیسر نے موقع پر پہنچ کرعوام سے مسائل جاننے کی بھی کوشش کی اور انہیں سنجیدگی سے لینے کا بھی عندیہ دیا۔

دراصل تینگن گنڈی کراس کے لیے اہم شاہراہ سے موڑلینے کے بعد سڑک کی حالت بہت خطرناک ہے ۔ بارش کے پانی کا نکاسی نظام ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پانی جمع ہوجاتا ہے ، اس کے اوپر سڑک کی خستہ حالی یہاں سے گذرنے والوں کو سمندری سفر کی یاد دلاتی ہے۔ بارش نہ ہونے کی صورت میں یہاں کے گڈھے آسانی سے گذرنے نہیں دیتے اور یوں سواریاں آپس میں ٹکراتے ٹکراتے رہ جاتی ہیں۔ اس سے تھوڑا آگے بڑھتے ہیں کہ ڈاکٹر نعمان کے کلنک کے پاس بھی سڑک کی حالت بہت ہی خستہ ہے جہاں بھی عوام کو بہت زیادہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام کو ہورہی ان ہی پریشانیوں کے چلتے مدینہ ویلفیر سوسائٹی نے میمورنڈم پیش کرتے ہوئے ان مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اب دیکھنا ہے کہ اس پر عملی طور پر کب اقدامات کیے جاتے ہیں۔






