بھٹکل (فکروخبر نیوز) شہر کے تینگن گنڈی علاقے میں پیش آئے کشتی حادثے کے بعد چار افراد لاپتہ ہوگئے تھے، جس کے نتیجے میں علاقے میں غم و افسوس کا ماحول ہے۔ واقعے کے بعد ریاستی وزیر برائے ماہی گیری منکال وئیدیا نے الوے کوڑی بندرگاہ کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔
وزیر نے لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ منگلورو سے مرڈیشور تک پچھلے بیس دنوں میں بارہ افراد سمندر میں حادثات کا شکار ہو چکے ہیں، جو کہ تشویشناک ہے۔
وزیر منکال وئیدیا نے اعلان کیا کہ موجودہ موسمی حالات کے پیشِ نظر 15 اگست 2025 تک سمندر میں ماہی گیری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے ماہی گیروں سے اپیل کی کہ وہ احتیاط برتیں اور سمندر میں نہ اتریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ماہی گیر لائف جیکٹ کا استعمال کریں تو اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔ حکومت کی جانب سے لائف جیکٹس مفت تقسیم کیے جاتے ہیں۔ وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ کشتیوں کے لائسنس کی تجدید کے وقت کشتی مالکان سے تحریری طور پر لیا جائے گا کہ ان کی کشتی پر کام کرنے والے تمام افراد کے پاس لائف جیکٹ موجود ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں پورے دن لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف رہیں۔ صبح کے وقت ایک لاش بازیافت کر لی گئی ہے، جبکہ باقی تین افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔ ریاستی حکومت اور مقامی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں پوری طرح متحرک ہے، اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔




