بھٹکل: حلقہ خواتین جماعت اسلامی ہند کی جانب سے "اخلاقی محاسن آزادی کے ضامن” مہم کا کامیاب انعقاد

بھٹکل: حلقہ خواتین جماعت اسلامی ہند بھٹکل کی جانب سے ستمبر 2024 کے مہینے میں ملک گیر سطح پر جاری مہم "اخلاقی محاسن آزادی کے ضامن” کے تحت بھٹکل میں مختلف تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کا آغاز 29 اگست کو ایک پریس کانفرنس کے ذریعے ہوا، جس میں مہم کے مقاصد کو اجاگر کیا گیا۔

مہم کے تحت بھٹکل اور مرڈیشور کے مختلف اسکولوں میں خصوصی پروگرام منعقد کیے گئے، جہاں اساتذہ اور طلبہ کے سامنے اس مہم کے اہم پیغام کو پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ اسی سلسلے میں سدھیندرابی ایڈ کالج میں ایک اہم پروگرام منعقد ہوا جس میں 80 طلبہ اور 10 اساتذہ نے شرکت کی۔ اس پروگرام کی خاص بات کہ اُڈپی سےمحترمہ کلثوم ابوبکر صاحبہ کی سے آمد تھی، جنہوں نے کنڑا زبان میں مہم کے اہم نکات اور ملک کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالی۔

اس مہم کے دوران سیرت مہم کی کتابیں اور خواتین مہم کے تعارفی فولڈرز اسکولز، کالجز اور اسپتالوں میں تقسیم کیے گئے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو اس پیغام سے روشناس کروایا جا سکے۔ علاوہ ازیں، وطنی بہنوں سے انفرادی ملاقاتیں بھی کی گئیں جن میں ڈاکٹرز اور اساتذہ شامل تھیں، اور موجودہ حالات پر گفتگو کے ذریعے مہم کا پیغام پہنچایا گیا۔

طلبہ کے لئے پک اینڈ اسپیک مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسکولوں اور کالجز کے طلبہ نے "اخلاقی محاسن آزادی کے ضامن” کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اساتذہ کے لئے اسی موضوع پر مضمون نویسی کا مقابلہ بھی منعقد ہوا جس میں اساتذہ کی جانب سے بھرپور شرکت دیکھنے کو ملی۔

مہم کے تحت ہر ہفتے حلقہ خواتین کے ہفتہ وار اجتماعات میں سورہ نور پر درس کا سلسلہ جاری رہا، اور مہینے کے اختتام پر ایک کوئز کا بھی انعقاد کیا گیا۔ محلہ وار اجتماعات بھی تین مقامات پر منعقد ہوئے جہاں سورہ نور پر درس کے ساتھ ساتھ مہم کے تعارف پر بات کی گئی۔

مہم کا اختتام 29 ستمبر کو ایک عوامی پروگرام کے ساتھ ہوا، جس میں محترمہ حمیرا کوپّل، اسسٹنٹ سکریٹری شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند کرناٹک، نے خصوصی خطاب کیا۔ یہ پروگرام رابطہ ہال بھٹکل میں منعقد ہوا، جس میں 250 کے قریب طالبات اور خواتین نے شرکت کی۔

مہم کے دوران منعقدہ تمام مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا، جبکہ تمام شرکاء کو شرکت کی اسناد دی گئیں۔

اس مہم کی کامیابی میں حلقہ خواتین کی ارکان اور متفق بہنوں کا اہم کردار رہا، جنہوں نے دعوتی کام میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مقامی جماعت نے بھی اس مہم میں بھرپور تعاون پیش کیا، جس پر حلقہ خواتین نے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اللہ سے دعا ہے کہ وہ اس مہم کو قبول فرمائے اور مزید کامیابیوں کے لئے استقامت عطا فرمائے۔