بھٹکل خریداری کے لیے آیا ہوا کمٹہ کا نوجوان پراسرار طور پر لاپتہ

بھٹکل(فکروخبرنیوز) شادی کی خریداری کے لیے گھر سے نکلا کمٹہ کا ایک نوجوان بھٹکل میں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا، جس کے بعد اہلِ خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پولیس نے گمشدگی کا معاملہ درج کرتے ہوئے مختلف زاویوں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق 32 سالہ ذاکر بیگ، جو کچھ دن قبل عمان کے مسقط سے اپنی شادی کی تیاری کے لیے وطن واپس آیا تھا، 17 اکتوبر کو اپنے بھائی کی اہلیہ اور بھتیجی کے ساتھ بھٹکل آیا۔ اس کا مقصد شادی کے لیے سونا خریدنا بتایا جاتا ہے۔

ان کے رشتہ دار شاہد کے مطابق بھٹکل پہنچنے کے بعد ذاکر بیگ نور مسجد میں جمعہ کی نماز کے لیے گیا جبکہ اس کے ہمراہ آئی ہوئی خواتین کو گلمی علاقے میں واقع اپنے رشتہ داروں کے گھر بھیج دیا۔ نماز کے بعد جب وہ کافی دیر تک واپس نہ آیا تو گھر والوں نے اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر اس کا موبائل فون بند ملا۔

ذاکر بیگ کے بھائی غفور بیگ کے مطابق ذاکر کی شادی 2  نومبر کو طے تھی اور وہ بھٹکل میں موجود مسقط کی کرنسی ایکسچینج کرانے کا ارادہ بھی رکھتا تھا۔ اہلِ خانہ کو شبہ ہے کہ ممکن ہے رقم یا زیورات کے لالچ میں کسی نے اسے اغوا کیا ہو۔

پولیس ذرائع کے مطابق نور مسجد کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں ذاکر بیگ کو نماز کے بعد مسجد سے باہر نکلتے اور اپنے موبائل فون کو دیکھتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

بھٹکل پولیس انسپکٹر دیواکر نے بتایا کہ ذاکر کی تلاش کے لیے موبائل لوکیشن اور کال ریکارڈ کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو بھی لاپتہ نوجوان کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوراً بھٹکل پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔

بھٹکل کے دو محققین کوئمپو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کے حقدار قرار، جنوبی ہند کے منتخب اردو سفرنامہ نگار اور حافظ کرناٹکی پر تحقیق کو ملی پذیرائی

صہیونی فوج کی غزہ پر بمباری، 9فلسطینی شہید، اسرائیل کی مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں