بھٹکل (فکروخبر نیوز) جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے جناب یونس قاضیا کو متفقہ طور پر نیا ٹرسٹی منتخب کیا گیا ہے۔ سابق ٹرسٹی ایس ایم سید خلیل الرحمن کے انتقال پریہ نشست خالی تھی۔
جناب یونس قاضیا سعودی عرب میں مقیم ایک معروف بزنس مین ہیں اور بھٹکل کی سماجی و تعلیمی حلقوں میں معروف ہیں۔ وہ فی الحال انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر بھی ہیں، جماعت المسلمین کے جنرل سکریٹری نے اس تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر جناب یونس قاضیا کو ان کے تجربے اور کمیونٹی کی خدمت کے جذبے کی بنیاد پر اس عہدے کے لیے منتخب کیا ہے۔
واضح رہے کہ جماعت المسلمین بھٹکل کے پانچ اور جامع مسجد بھٹکل کے پانچ ٹرسٹیان ہیں جو تاحیات ممبر ہیں۔
امید کی جارہی ہے کہ یونس قاضیا بھٹکل کی سماجی، تعلیمی اور دینی سرگرمیوں میں مزید فعال کردار ادا کریں گے۔




