بھٹکل: اہم شاہراہ سے متصل گڑھے میں بائک گرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بھٹکل کی اہم شاہراہ کے توسیعی مرحلے کی تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ شہر کے بیچ سے گزرنے والی اس مرکزی سڑک کے اطراف بارش کے موسم میں پانی کی نکاسی کے لیے کئی جگہ گڑھے کھودے گئے ہیں، جو سڑک سے بالکل متصل ہیں۔ ان گڑھوں کے اردگرد پلاسٹک کے بیریگیڈز لگائے گئے ہیں تاکہ راہگیر اور گاڑی سوار محفوظ رہیں، مگر پلاسٹک ہونے کی وجہ سے اگر کوئی ان سے ٹکرا جائے تو گڑھے میں گرنا یقینی ہے۔

آج سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوا ہے۔ یہ ویڈیو دوپہر دو بج کر 24 منٹ کا ہے، جو ایک قریبی عمارت کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل ہوا ہے۔ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بائک سوار دائیں جانب سڑک پر آتا ہے، تبھی پیچھے سے آنے والی ایک دوسری بائک اس سے ٹکرا جاتی ہے۔ اس تصادم کے نتیجے میں دائیں جانب آنے والی بائک پر سوار ایک خاتون سمیت دو افراد گر جاتے ہیں، جبکہ ٹکرانے والی بائک سڑک کے کنارے موجود گڑھے میں جا گرتی ہے۔

سی سی ٹی وی میں صاف دکھائی دیتا ہے کہ وہ بائک بیریگیڈ سے ٹکرا کر اگلے پہیے کی طرف سے گرتی ہے، جس کے بعد اس کا پچھلا پہیہ اوپر اٹھ جاتا ہے۔ اس حادثے میں بائک پر سوار دونوں نوجوان کیچڑ میں لت پت ہو جاتے ہیں۔

عوام کا کہنا ہے کہ ایسے حادثات کی ذمہ داری کون لے گا؟ کئی بار ان مسائل کو مختلف عوامی تنظیموں کے ذریعے نمائندوں اور افسران کے علم میں لایا جا چکا ہے، لیکن کام کب مکمل ہوگا یہ کہنا مشکل ہے۔ البتہ ایک بات طے ہے کہ جب تک یہ کام مکمل نہیں ہوتا، تب تک یہ گڑھے مزید حادثات کو دعوت دیتے رہیں گے۔

احمد آباد طیارہ حادثہ: ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعہ 211 متاثرین کی شناخت۔ 189 لاشیں لواحقین کے حوالے

منگلورو: پولیس محکمے میں 172 تبادلے، متعدد سینئر اہلکار بھی فہرست میں شامل