بھٹکل: ٹی ایم سی پر بے بنیاد الزامات، مچھلی مارکیٹ کے مسئلے پر الطاف کھروری کا دوٹوک موقف

بھٹکل (فکروخبرنیوز) پرانی مارکیٹ کے دکانداروں کو بےدخل کیے جانے کے الزامات پر وضاحت پیش کرتے ہوئے بھٹکل ٹاؤن میونسپل کونسل کے انچارج صدر جناب الطاف کھروری نے کہا ہے کہ بی جے پی رہنماؤں کے تمام دعوے حقائق کے منافی اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹی ایم سی کی جانب سے کسی بھی دکاندار یا مچھلی فروش کو ان کے کاروباری مقام سے ہٹانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ سیاسی بیانات پر یقین نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرانی مچھلی مارکیٹ کی عمارت خستہ حال ہے اور محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) نے بھی اس کے لیے باضابطہ رپورٹ جاری کی ہے، جس کے بعد عمارت کی مرمت ممکن نہیں رہی۔ عوامی مفاد کے پیش نظر ہم نے ہفتہ واری مارکیٹ کے قریب 1.35 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک نئی عمارت تعمیر کی ہے تاکہ مچھلی فروشوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول میسر ہو۔

انہوں نے واضح کرتے ہوئے اس الزام کی تردید کی کہ پرانی مارکیٹ کی جگہ گلف مارکیٹ تعمیر کرنے کا کوئی منصوبہ ہے۔ ’’نہ تو ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی ٹی ایم سی میں اس سلسلے میں کوئی قرار داد منظور ہوئی ہے۔

ٹی ایم سی صدر نے مزید بتایا کہ پرانی مارکیٹ میں بدستور کاروبار جاری ہے، وہاں مچھلی فروشوں سے کوئی فیس نہیں لی جا رہی اور صفائی ستھرائی کا کام بھی معمول کے مطابق کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں 140 دکانداروں کے لیے گنجائش ہے، مناسب پارکنگ اور بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں۔ اس کے باوجود بعض سیاسی افراد عمارت کو ’غیر سائنٹفک‘ قرار دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

الطاف کھروری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے تعاون کریں تاکہ شہر کی ترقیاتی سرگرمیاں بلاتعطل جاری رہ سکیں۔ پریس کانفرنس میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین قیصر محتشم بھی موجود تھے۔

بھٹکل : انجمن میں ہیلمٹ آن، سیفٹی آن‘ مہم پروگرام

کرناٹک میں SSLC امتحان کی فیس میں 5 فیصد اضافہ