بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل میں نیشنل ہائی وے کے قریب مورین کٹے (Murin Katte) کے مقام پر اتوار کی رات پیش آئے واقعے کے بعد پیدا شدہ کشیدگی کے پیشِ نظر مجلسِ اصلاح و تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے عوام سے پرامید اور پرسکون رہنے کی مخلصانہ اپیل کی ہے۔ انہوں نے بھٹکل کے تمام شہریوں، بالخصوص مسلم نوجوانوں کے نام ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ وہ اس معاملے کو لے کر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا شکار نہ ہوں اور متنازعہ جگہ کے آس پاس بلا ضرورت گھومنے یا بھیڑ اکٹھا کرنے سے مکمل گریز کریں۔
صدرِ تنظیم عنایت اللہ شاہ بندری نے بتایا کہ علاقے میں کچھ نوجوانوں کو بلاوجہ گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، انہوں نے نوجوانوں کو سخت ہدایت دی کہ وہ وہاں جمع نہ ہوں۔ انہوں نے برادری کو یقین دلایا کہ تنظیم اس پورے معاملے پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SP) سے براہِ راست اور مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے عوام اور نوجوانوں سے پرزور اپیل کی کہ واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کسی بھی قسم کے پیغامات یا افواہیں پھیلانے سے سختی سے باز رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی شہری کو کوئی شکایت یا مسئلہ درپیش ہے تو وہ سوشل میڈیا پر بحث کرنے یا وہاں غم و غصہ ظاہر کرنے کے بجائے براہِ راست تنظیم کے ذمہ داران سے رابطہ قائم کرے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "اگر کوئی بھی مسئلہ ہے تو ہم سے رابطہ کریں، متنازعہ جگہ کے پاس نہ جائیں۔
واضح رہے کہ بھٹکل میں مورین کٹے معاملے کو لے کر ماحول میں تناؤ پایا جا رہا ہے، جس کے بعد پولیس نے حساس مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔




