بھٹکل ( فکر و خبر نیوز) 8؍ اپریل : شہر بھٹکل کے قلب نوائط کالونی میں واقع تنظیم جمعہ مسجد کا 11؍ شوال المکرم 1446 مطابق 10 اپریل بروز جمعرات نماز عصر کے ساتھ عظیم الشان افتتاح ہونے جارہا ہے ۔ مجلس ملیہ کے دفتر میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس ملیہ کے فعال صدر جناب عتیق الرحمن منیری نے یہ اطلاع دی ۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو افتتاحی تقریب میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور معروف عالم دین مولانا عمرین محفوظ رحمانی بطور مہمان خصوصی شرکت فرما ئیں گے۔
مانا جا رہا ہے کہ اس اطلاع کے ساتھ ہی محلے اور علاقے کے لوگوں کا سولہ سالہ طویل انتظار اب ختم ہوگا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعتیق الرحمن منیری نے واضح کیا کہ یہ مسجد صرف عبادت کے لیے نہیں بلکہ بھٹکل میں دینی تعلیم، سماجی بیداری، اصلاحِ معاشرہ اور انسانی خدمت کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔
افتتاحی تقریب سے متعلق مزید تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تقریب دو نشستوں پر مشتمل ہوگی، پہلی نشست بعد نماز عصر ،دوسری نشست: بعد نماز عشاء منعقد ہوگی جس میں علمائے کرام خطاب کریں گے ۔ خصوصا مولانا عمرین محفوظ رحمانی ملک کے موجودہ حالات اور خصوصا وقف ترمیمی قانون سے متعلق مسلمانوں کی رہنمائی کریں گے ۔ اسی دن بعد نماز عشاء ملک کے مشہور قاری حافظ ہدایت اللہ جئے پوری اور بھٹکل کے سند یافتہ قاری مولوی احمد رکن الدین ندوی بھی مظاہرہ قرأت پیش کریں گے ۔ منتظمین نے عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کی گزارش کی ہے ۔ اس خوبصورت مسجد کی زیارت کے لئے خواتین کو 12 اپریل بروز سنیچر شام ساڑھے چار بجے کا وقت دیا گیا ہے ، جس میں خواتین مسجد کی زیارت کے لیے آسکتی ہیں ۔ ذمہ داران نے عوام الناس سے بڑی تعداد میں ان تقریبات میں شرکت کی اپیل کی ہے ۔
منتظمین نے پریس کانفرنس میں دعوی ٰ کیا کہ اپنی وسعت اور خوبصورتی کے لحاظ سے یہ مسجد منگلور تا کاروار تک کے علاقے میں اتنی بڑی پہلی مسجد ہوگی ۔
دوسری جانب اندرونی اور باہری طور پر مسجد کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے ۔ خوبصورت قالین ، عالی شان محراب و منبر اور دل کش انٹیریئر کی وجہ سے مسجد عام و خاص کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔ حالاں کہ عارضی طور پر تیار کیے گئے مسجد کے نچھلے حصے میں لوگ نماز ادا کرنے کے عادی ہوگئے تھے جو کہ خود اپنے میں ایک خوبصورت مسجدہے ، منتظمین نے سابقہ حصہ (جس میں اب تک نماز اداد کی جاتی تھی ) کے بارے میں نہیں بتایا کہ وہ جگہ اب کس کام کے لئے استعمال کی جائے گی ۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ وہ حصہ شبینہ مکتب، اور اعتکاف کے ساتھ ، دیگر دعوتی اور سماجی کاموں کے لئے مخصوص ہوگا ۔
مسجد کا مرکزی حصہ اچھی خاصی اونچائی پر واقع ہے اس لئے عمر رسیدہ افراد کی سہولت کے لئے مسجد کے اندرون میں لفٹ کا نظم کیا گیا ہے ۔ سابق میں بارش کے دنوں میں مسجد کی دیواروں سے پانی رسنے کی وجہ سے لوگوں کو تشویش ہے کہ نئی مسجد میں بارش کے دنوں میں کہیں مصلیوں کو کوئی پریشانی نہ اٹھانی پڑے ۔
خیال رہے کہ بھٹکل کے نوائط کالونی میں واقع اس مسجد کی ایک قدیم تاریخ ہے ، سابق میں دو بار یہ مختلف تجدیدی مراحل سے گزرنے کے بعدپچھلے تیرہ برس قبل نئی آن بان اور شان کے ساتھ اس کی تجدید کاری کا بیڑہ اٹھا یا گیا تھا جس کے لئے تمام قدیم ڈھانچوں کو شہید کیا گیا تھا۔ ایک عرصے سے علاقے کےلوگ اس کے افتتاح کا انتظار کر رہےہیں ۔ آج کے اعلان کے بعد کہا جا رہا ہے ایک طویل عرصہ کاانتطار اب ختم ہوگا۔