بھٹکل (فکروخبرنیوز) اُتر کنڑا ضلع کے بھٹکل میں منگل کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب تحصیلدار دفتر کو بم دھماکے کی دھمکی پر مشتمل ایک ای میل موصول ہوا۔ صبح تقریباً 7:25 بجے موصول ہونے والی اس ای میل کے بعد دفتر کے عملے میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا، جس پر فوری طور پر سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کیا گیا۔
ای میل ایک نامعلوم آئی ڈی سے بھیجا گیا تھا، جس کے سبجیکٹ میں کنڑا زبان میں دھماکے کی دھمکی درج تھی اور دفتر خالی کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ تحصیلدار ناگیندر کولا شیٹی نے بتایا کہ جب انہوں نے صبح کے وقت ای میل چیک کیا تو اس دھمکی آمیز پیغام پر نظر پڑی، جس کے فوراً بعد بھٹکل پولیس کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ حرکت میں آ گئی، جبکہ کاروار سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھٹکل طلب کیا گیا۔ چونکہ تحصیلدار دفتر تعلقہ انتظامیہ کی عمارت منی سودھا کے دوسرے فلور پر واقع ہے، اس لیے پوری عمارت کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ کئی گھنٹوں کی جانچ کے باوجود کوئی مشتبہ شے برآمد نہیں ہوئی، جس کے بعد ای میل کو فرضی قرار دیا گیا۔
حکام کے مطابق ای میل میں بم دھماکے کی دھمکی کے ساتھ ساتھ ڈی ایم کے حکومت کے خلاف اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض تحریری مواد بھی شامل تھا، جس میں مختلف سنگین مگر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے تھے۔ اس پہلو سے بھی معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس سے قبل بھی بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کو اسی نوعیت کی ای میل موصول ہو چکا ہے، جس کے بعد تفتیش کے دوران تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے افراد کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ تازہ واقعے کے سلسلے میں بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ای میل بھیجنے والے کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔



