بھٹکل (فکروخبرنیوز) تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ انتظام شمس پری یونیورسٹی کالج 20 نومبر 2025 بروز جمعرات ایک تحقیقی سائنس میلہ منعقد کر رہا ہے۔ یہ دوسرا سائنس میلہ ہے جو اس کالج کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے، جب کہ پہلا میلہ تقریباً دس سال قبل منعقد کیا گیا تھا۔
ایک پریس کانفرنس میں پرنسپل لیاقت علی نے بتایا کہ اس میلے کا مقصد صرف سائنس ماڈلز کی نمائش نہیں، بلکہ سماج میں موجود حقیقی مسائل کی نشاندہی کرنا اور ان کے حل کے لیے تحقیق پر مبنی تجاویز تیار کرنا ہے۔ کالج نے دو ماہ قبل اس پروگرام کی تیاری شروع کی تھی اور بھٹکل تعلقہ کے مختلف اداروں کو شرکت کی دعوت دی گئی۔ ابتدا میں 115 ٹیموں نے رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے رہنمائی اور جانچ کے بعد 46 ٹیمیں فائنل کی گئیں جو اپنے تحقیقی نتائج میلے میں پیش کریں گی۔
اس پروگرام کا انعقاد اے جے اکیڈمی آف ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (رائچور) کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ طلبہ نے مقامی سطح پر درپیش مسائل پر تحقیق کرکے قابلِ عمل حل تجویز کیے ہیں۔ مثال کے طور پر شہر میں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کی وجوہات اور نکاسیِ آب کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تحقیق بھی شامل ہے۔
پرنسپل نے کہا کہ وہ طلبہ میں تحقیق کا رجحان بڑھانا چاہتے ہیں اور امید ہے کہ بھٹکل سے آئندہ ایسے سائنس دان سامنے آئیں گے جو سماج کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔
میلہ صبح 9:30 بجے افتتاح کے ساتھ شروع ہوگا، جس کے بعد 11 بجے سے 1 بجے تک اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کو، 2 بجے سے 3:30 بجے تک خواتین کو اور 3:30 بجے سے 5 بجے تک مرد حضرات اور عام عوام کو وزٹ کی اجازت ہوگی۔
تمام تعلیمی اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو اس میلے میں لازماً شریک کریں، کیونکہ اس کا مقصد نوجوانوں میں تحقیقی شعور پیدا کرنا ہے۔ پروگرام میں حصہ لینے والے طلبہ کو ’’ابھرتے ہوئے سائنس داں‘‘ اور ’’نوجوان سائنس داں‘‘ کے اعزازات بھی دیے جائیں گے۔




