بھٹکل (فکروخبر نیوز): ضلع اترا کنڑا کی ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لکشمی پریا کے دورہ بھٹکل کے موقع پر ایک بار پھر نیشنل ہائی وے کے توسیعی کاموں سے پیدا ہونے والے سنگین مسائل اٹھائے گیے۔ مجلسِ اصلاح و تنظیم اور بھٹکل ہوراٹا سمیتی کے ذمہ داران نے ڈی سی سے ملاقات کر کے ہائی وے کام کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
وفد نے ڈی سی کے سامنے احتجاج درج کرواتے ہوئے کہا کہ سرویس روڈ کی تعمیر کے بغیر ہائی وے کا کام جس تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، اس سے مستقبل قریب میں عوام کے لیے نقل و حرکت دشوار ہو جائے گی۔ ذمہ داران نے نشاندہی کی کہ توسیعی کام کے دوران نکاسی آب (ڈرینج سسٹم) کا کوئی معقول انتظام نہیں کیا گیا ہے۔ ہائی وے کو سطح زمین سے کافی بلند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے بارش کا پانی سڑکوں کے اطراف جمع ہونے کا خدشہ ہے، جو راہگیروں اور بائک سواروں کے لیے بڑے حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
اس موقع پر بھٹکل-ہوناور کے رکن اسمبلی اور ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے بھی متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کیں۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کے لیے بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، لہٰذا جہاں بھی عوام کو پریشانی کا سامنا ہے، ان مسائل کو مون سون کی آمد سے قبل ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ عوامی تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے کام کو مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر عنایت اللہ شاہ بندری ، مولانا عبدالرقیب ندوی ، مولانا عزیزالرحمن ندوی ، امشاد مختصر ، ارشاد ، سید علی ، جیلانی شاہ بندری ، الطاف کھروی ، قیصر محتشم ، ستیش کماروغیرہ موجود تھے۔




