فکروخبر نیوز: شہر بھٹکل کے مشہور نستار سمندر میں پیش آئے ایک افسوسناک حادثے میں اترپردیش کے شہر کانپور سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان تیراکی کے دوران ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 28 سالہ رضوان اور 33 سالہ افروز کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں نوجوان بھٹکل میں جناب فیضان کاسرکوڈ کے پاس ٹیلرنگ کے پیشے سے وابستہ تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں نوجوان تفریح اور تیراکی کے لئے نستار ساحل گئے تھے جہاں اچانک سمندر کی لہروں کی زد میں آکر ڈوب گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی نوجوانوں نے نعشوں کو بڑی کوششوں کے بعد ساحل تک پہنچایاجس میں سعودی گوائی اوردیگر ساتھی قابل ذکر ہیں، ساحل پر موجود لوگوں نے نوجوانوں کے اس فوری اقدام کو سراہتے ہوئے بروقت مدد کرنے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ، ساتھ ہی پولس نے بھی نوجوانوں کی پیٹھ تھپتھپائی، بعد ازاں ضروری کارروائی کے لئے نعشوں کو بھٹکل گورنمنٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق معاملہ درج کر کے مزید جانچ کی جا رہی ہے




