بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل میں نیشنل ہائی وے 66 کے قریب مورین کٹے (Murin Katte) ڈھانچے کو لے کر جاری کشیدگی کے درمیان مقامی ایم ایل اے اور وزیر انچارج منکال ویدیا نے عوام سے امن و امان برقرار رکھنے کی پرزور اپیل کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ مکمل حقائق اور درست معلومات حاصل کیے بغیر اس حساس معاملے پر کوئی بھی تبصرہ یا بیان بازی نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ان کی اولین ترجیح اس مسئلے کو منصفانہ اور پرامن طریقے سے حل کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھٹکل میں رہنے والے تمام لوگوں کو آپس میں امن اور بھائی چارے کے ساتھ رہنا چاہیے اور اگر کوئی غلط فہمی یا غلطی ہوئی ہے تو اسے صحیح اور قانونی طریقہ کار کے تحت درست کیا جانا چاہیے۔
منکال ویدیا نے انتباہی انداز میں کہا کہ اگر اس پورے معاملے میں کسی افسر یا اہلکار کی غلطی سامنے آئی، تو متعلقہ محکمہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی صاف کر دیا کہ اگر عوام میں سے کوئی شخص قصوروار پایا گیا، چاہے وہ مسلم ہو یا ہندو، اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ "جس نے بھی غلطی کی ہے، وہ غلطی ہی ہے اور اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا”۔ واضح رہے کہ بھٹکل میں اس وقت مورین کٹے ڈھانچے کو لے کر کشیدگی کا ماحول ہے، جس کے پیشِ نظر پولیس انتظامیہ نے حساس علاقوں میں سیکورٹی بڑھا دی ہے اور حکام نے لوگوں سے افواہوں پر دھیان نہ دینے اور امن بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے۔




