بھٹکل : ’’یمانی لیپ ٹاپ‘‘ کا افتتاح : بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے ادارہ ادبِ اطفال کا منفرد اقدامبھٹکل (فکروخبرنیوز): ادارہ ادبِ اطفال بھٹکل کی جانب سے بچوں کی دینی خطوط پر تربیت کے لیے تیار کردہ منفرد ’’یمانی لیپ ٹاپ‘‘ کی رونمائی آج بعد نمازِ عصر رابطہ ہال میں علماء و عمائدین کے ہاتھوں انجام پائی۔
اس لیپ ٹاپ کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں قرآنِ مجید کی منتخب سورتیں، احادیثِ مبارکہ، مسنون دعائیں، اسلامی نظمیں اور دیگر مفید مواد شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح بچوں کو کھیل ہی کھیل میں دینی تعلیم اور اخلاقی تربیت فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ ادبِ أطفال کے صدرمولانا ڈاکٹرعبدالحمید اطہر ندوی نے اس اقدام کو عصرِ حاضر کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نئی نسل موبائل اور دیگر ڈیجیٹل فتنوں میں الجھتی جا رہی ہے، اس لیے محض شکایت کافی نہیں بلکہ مثبت اور تعمیری متبادل فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ادبِ اطفال نے اسلامی و اخلاقی مواد پر مشتمل لیپ ٹاپ تیار کر کے ایک عملی اور مؤثر قدم اٹھایا ہے، جو بچوں کو سورتیں، دعائیں، احادیث اور اسلامی تعلیمات سکھانے کا بہترین ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے اردو زبان میں اس نوعیت کے مواد کی کمی کو ایک بڑا خلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے اس کمی کو پورا کرنے کی سنجیدہ کوشش کی گئی ہے۔
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی صاحب نے اپنے خطاب میں اسلامی تربیتی نظام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام بچوں کو بچپن ہی سے عبادات اور اخلاقیات کا عادی بنانے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے سات سال کی عمر سے نماز کی تلقین کو اسی تربیتی نظام کا حصہ قرار دیا اور سیرتِ نبویؐ کے حوالے سے بچوں کے ساتھ حسنِ سلوک کی مثالیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ادب صرف خوش گفتاری کا نام نہیں بلکہ کردار، اخلاق اور صحیح طرزِ عمل کا جامع تصور ہے۔ انہوں نے ادارہ ادبِ اطفال کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اگر بچوں کو پاکیزہ ماحول اور اسلامی مواد فراہم کیا جائے تو وہ مستقبل میں ملت کے باکردار قائد بن سکتے ہیں۔
قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ ندوی مدنی نے بچوں کی ذہنی ساخت اور ابتدائی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچپن سیکھنے اور نقل کرنے کا حساس مرحلہ ہوتا ہے، اس دوران جو چیز ذہن میں راسخ ہو جائے وہ پوری زندگی اثر انداز رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا نے اپنی فکر کے مطابق بچوں کے لیے وسیع ڈیجیٹل مواد تیار کیا ہے۔ اب مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی نقطۂ نظر سے معیاری متبادل فراہم کریں۔ انہوں نے اس کاوش کو نہ صرف بھٹکل بلکہ پورے ہندوستان اور بیرونِ ملک اردو بولنے والوں کے لیے مفید قرار دیا اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے بڑی امانت اور قیمتی سرمایہ سے تعبیر کیا۔
ان کے علاوہ صدر رابطہ سوسائٹی بھٹکل جناب عمرفاروق مصبا ، مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری ، سکریٹری مولانا عبدالرقیب ایم جے ندوی ، سابق جنرل سکریٹری جناب محی الدین الطاف کھروری اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسے موجودہ دور کی ایک اہم ضرورت قرار دیا اور ادارہ ادبِ أطفال کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔
نظامت کے فرائض مدیر ماہنامہ پھول مولانا عبداللہ ندوی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر شہر کے معززین، کی بڑی تعداد موجود تھی۔
