بھٹکل (فکروخبر نیوز) اتر کنڑا ضلع کا دو روزہ عظیم الشان تبلیغی اجتماع انجمن آباد، بھٹکل میں بدھ سے شروع ہو رہا ہے، جو جمعرات کی رات اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ اس اجتماع کے لیے گزشتہ تقریباً دس روز سے ضلع کے مختلف علاقوں کے کارکنان پوری جانفشانی اور نظم و ضبط کے ساتھ تیاریوں میں مصروف ہیں۔
اجتماع گاہ کی مکمل صفائی کے بعد ایک وسیع و عریض پنڈال قائم کیا گیا ہے، جہاں ہزاروں افراد بیک وقت آرام دہ انداز میں بیٹھ کر مجالس سے استفادہ کر سکیں گے۔ شرکاء کی سہولت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے تمام بنیادی ضروریات کا انتظام کیا گیا ہے۔
وضو کے لیے حوض کے ساتھ ساتھ نلوں کا مناسب نظم کیا گیا ہے، جب کہ عارضی غسل خانوں اور بیت الخلاء کو اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ استعمال کرنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ کھانے پینے کے لیے بھی مکمل اور وافر انتظامات کیے گئے ہیں؛ جہاں دو الگ زون میں کھانے کا نظم ہے، وہیں پانی اور شربت کے لیے دو سبیلیں قائم کی گئی ہیں۔
شرکاء کی آمد و رفت کو سہل بنانے کے لیے دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے علیحدہ اور مناسب جگہیں مختص کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر ضروری سہولیات بھی اجتماع گاہ میں مہیا کی گئی ہیں تاکہ آنے والوں کو ہر ممکن راحت حاصل ہو۔
اس دو روزہ اجتماع کے دوران ایمان کو تازگی بخشنے والی اصلاحی و روحانی مجالس منعقد ہوں گی۔ جمعرات کو نمازِ مغرب کے بعد آخری مجلس ہوگی، جس کی پُراثر دعا پر یہ اجتماع اختتام کو پہنچے گا۔



