بھٹکل میں رمضان المبارک کا آغاز آج مغرب سے ، آج ہوگی پہلی تراویح

بھٹکل (فکر و خبر نیوز) بھٹکل اور اطراف میں آج ماہِ شعبان کی تیس تاریخ مکمل ہو رہی ہے، جس کے بعد آج مغرب سے ماہِ رمضان المبارک کا آغاز طے ہے۔ ملک کے بیشتر شہروں میں آج 29 شعبان ہے اور چاند نظر آنے کے قوی امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ بھٹکل میں آج مغرب کے بعد رمضان کے بابرکت ایام کا باقاعدہ آغاز ہوگا اور پہلی تراویح ادا کی جائے گی۔

بھٹکل کی تمام بڑی و چھوٹی مساجد میں تراویح کے لیے مکمل انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ نمازیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے صفوں کی ترتیب، صوتی نظام اور روشنی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ بیشتر مساجد میں چار چار حفاظِ کرام کو تراویح کے لیے مقرر کیا گیا ہے، جو خوش الحانی کے ساتھ قرآنِ مجید سنائیں گے۔

شہر میں روحانی جوش و خروش نمایاں ہے۔ گھروں میں بھی استقبالِ رمضان کی تیاریاں جاری ہیں اور بازاروں میں خریداری کا سلسلہ تیز دیکھا جا رہا ہے۔ دینی حلقوں کی جانب سے عوام کو تقویٰ، عبادت اور خیرات کی کثرت کی تلقین کی جا رہی ہے تاکہ اس مبارک مہینے سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔

مساجد میں ائمہ مساجد نے عوام کو رمضان المبارک کو عبادت، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور خدمتِ خلق کے ذریعے بامقصد بنانے اور اتحاد و اخوت کی فضا قائم کرنے پر زور دیا ہے۔

امید کہ یہ رمضان عبادت کے لحاظ سے سابقہ رمضانوں کے مقابلہ میں بہتر ثابت ہوگا۔