بھٹکل : پیدائشی سرٹیفکیٹ کے حصول میں تاخیر پر تنظیم کا اظہارِ تشویش، کمشنر سے فوری اصلاحات کا مطالبہ

بھٹکل (فکروخبر نیوز): مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل کے ایک وفد نے آج سٹی میونسپل کونسل (سی ایم سی) کے کمشنر جناب بابا مانے سے ملاقات کرکے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے اجراء میں پیش آنے والی تاخیر اور عوام کو درپیش دشواریوں کی جانب توجہ دلائی۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ اس اہم عوامی مسئلے کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو غیر ضروری پریشانیوں سے نجات مل سکے۔
ملاقات کے دوران تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ پیدائشی سرٹیفکیٹ کے حصول میں تاخیر کی شکایات مسلسل موصول ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو تعلیمی، قانونی اور دیگر ضروری معاملات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے بنیادی دستاویزات کا بروقت اجراء انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔
اس موقع پر بھٹکل میونسپل کے سابق قائم مقام صدر جناب محی الدین الطاف کھروری نے کہا کہ شہریوں کو اپنے کام کے لیے بار بار میونسپل دفتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں، لیکن اس کے باوجود کئی معاملات طویل عرصے تک التوا کا شکار رہتے ہیں۔ انہوں نے خصوصاً بیرونِ ملک، بالخصوص خلیجی ممالک سے مختصر تعطیلات پر آنے والے افراد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضروری دستاویزات حاصل کرنے کی غرض سے دفتر سے رجوع کرتے ہیں، مگر تاخیر کے باعث اکثر اپنا کام مکمل کیے بغیر واپس جانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے بھی عوامی مسائل کے فوری حل اور انتظامی نظام میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔
وفد کی گفتگو سننے کے بعد سی ایم سی کمشنر جناب بابا مانے نے یقین دلایا کہ اس مسئلے کا جائزہ لیا جائے گا اور پیدائشی سرٹیفکیٹ کے اجراء کے نظام میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کے کام بروقت اور آسانی کے ساتھ انجام پا سکیں۔

شیئر کریں۔