شیموگہ/بھٹکل (فکروخبرنیوز) کوویمپو یونیورسٹی، شیموگہ کا 35واں سالانہ کانووکیشن (تقریبِ تقسیمِ اسناد) بدھ انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں ریاست کے گورنر اور یونیورسٹی کے چانسلر تھاور چند گہلوت نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور محققین کو اعزازات سے نوازا۔ اس تقریب میں مجموعی طور پر 163 محققین کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں، جبکہ 79 خوش نصیب طلبہ میں 155 گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے۔
اردو ادب اور تحقیق کے میدان میں بھٹکل کے لیے آج کا دن تاریخی ثابت ہوا۔ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے دو ریسرچ اسکالرز عبدالحفیظ ندوی اور عبدالفتاح کو ان کے بہترین تحقیقی کام پر ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کی ڈگری تفویض کی گئی۔ ان دونوں محققین نے اپنی علمی پیاس بجھانے کے لیے پروفیسر سید ثناء اللہ کی قابلِ فخر نگرانی میں اپنے مقالات مکمل کیے تھے۔

شعبہ اردو کے طلبہ نے بھی اپنی غیر معمولی محنت سے یونیورسٹی بھر میں اپنا لوہا منوایا۔ کانووکیشن میں اردو کے درج ذیل تین طلبہ کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا:
محمد معراج الدین رضا: دو گولڈ میڈل۔
عافیہ پروین: دو گولڈ میڈل۔
مطہرہ پروین بنت جعفر بڈو (بھٹکل): ایک گولڈ میڈل۔
اس شاندار کامیابی پر پروفیسر سید ثناء اللہ (سابق صدر شعبہ اردو و پرنسپل سہیادری آرٹس کالج) اور ڈاکٹر سراج احمد (صدر شعبہ اردو، کوویمپو یونیورسٹی) نے دلی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام کامیاب محققین اور طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں کی کامیابی اردو زبان و ادب کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔




