بھٹکل (فکروخبر نیوز) دیہاتوں اور قصبوں سے روزگار کی تلاش میں شہروں کا رخ کرنے والے غریب اور مزدور طبقے کو روزانہ خوراک کے حصول میں پیش آنے والی دشواریوں کے پیشِ نظر کرناٹک حکومت کی اہم فلاحی اسکیم اندرا کینٹین غریبوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو رہی ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر بھٹکل کے جالی روڈ میں نئی اندرا کینٹین کا آج باضابطہ افتتاح عمل میں آیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر برائے ماہی گیری، بندرگاہیں اور ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ منکال ایس ویدیا نے کہا کہ اندرا کینٹین اسکیم کا بنیادی مقصد غریبوں، مزدوروں اور محنت کش طبقے کو کم قیمت میں صاف، غذائیت بخش اور معیاری خوراک فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت ناشتہ صرف پانچ روپے اور کھانا دس روپے میں فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ بقیہ اخراجات حکومت برداشت کرتی ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ اس سے نہ صرف غریب طبقہ صحت مند رہے گا بلکہ انہیں روزمرہ زندگی میں ایک بڑا سہارا بھی حاصل ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اندرا کینٹین کسی مخصوص علاقے کے لوگوں کے لیے محدود نہیں بلکہ ریاست کے کسی بھی حصے سے آنے والا شخص یہاں کم قیمت پر کھانا حاصل کر سکتا ہے۔ جن کے پاس استطاعت ہے وہ ہوٹلوں کا رخ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں بنگلور کے تمام وارڈز میں اندرا کینٹین قائم کی گئیں، جس کے بعد اس اسکیم کو ریاست بھر کے ٹاؤن پنچایت، میونسپلٹیز اور میونسپل کونسلوں تک توسیع دی گئی۔ اس وقت بھٹکل، جالی ، ہوناور، منکی اور مرڈیشور سمیت مختلف علاقوں میں اندرا کینٹینز کامیابی کے ساتھ کام کر رہی ہیں، جبکہ ریاست بھر میں تقریباً 600 اندرا کینٹینز فعال ہیں۔
اس موقع پر جالی ٹاؤن پنچایت کی صدر افشا قاضیا، نائب صدر سید عمران لنکا، پنچایت اراکین ایشور موگیر اور این منجپا، تعلقہ گارنٹی پروجیکٹ کے صدر راجو نائک، نامزد رکن محمد یونس رکن الدین، ایگزیکٹو انجینئر اربن ڈیولپمنٹ سیل کاروار کے ایس کمار سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت ٹیچر نارائن نائک نے کی۔
