بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل تعلقہ کے جالی کوڈ ساحل کے قریب منگل کی سہ پہر عرب سمندر کی تیز لہروں کی زد میں آ کر ایک چھوٹی روایتی کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 56 سالہ ماہی گیر سمندر میں لاپتہ ہو گیا۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی ماہی گیروں اور ساحلی سیکیورٹی پولیس (CSP) نے مشترکہ طور پر تلاش و بچاؤ کی کارروائی شروع کر دی، جو دیر شام تک جاری رہی۔
پولیس کے مطابق لاپتا ماہی گیر کی شناخت جالی کے رہائشی منجوناتھ موگیر (56) کے طور پر ہوئی ہے۔ ساحلی سیکیورٹی پولیس کی پی ایس آئی وینا چترا پور نے بتایا کہ یہ حادثہ دوپہر تقریباً دو بجے اس وقت پیش آیا جب منجوناتھ تنہا مچھلی کے شکار کے لیے سمندر میں گیا تھا۔۔ اسی دوران اچانک بلند اور تیز لہروں نے ان کی کشتی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث کشتی الٹ گئی اور وہ لاپتہ ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ماہی گیر اپنی کشتیوں کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور تلاشی مہم شروع کر دی، جس کے بعد ساحلی سیکیورٹی پولیس کی ٹیم بھی امدادی کارروائی میں شامل ہو گئی۔ گزشتہ تین روز سے ساحلی کرناٹک، خصوصاً بھٹکل میں مسلسل بارش اور سمندر کی شدید طغیانی کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک لاپتہ ماہی گیر کی تلاش جاری تھی۔




