بھٹکل(فکروخبرنیوز) فاروقی مسجد(مسجد عمر فاروق) کی تعمیر نو کے بعد کل عصر کی نماز کے ساتھ افتتاح عمل میں آیا جس کی امامت قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی نے کی۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام میں علماء نے مسجد کے قیام کے بعد اس کی آبادی کی فکر کرنے اور اس کے لیے حتی المقدور کوششوں پر بھی ابھارا ، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسجد تعمیر کرنا بھی ثواب کا کام ہے لیکن اس کی آبادی کی فکریں کرنا یہ ہر اس شخص کی ذمہ داری ہے جو اس مسجد سے جڑا ہوا ہو۔ انہوں نے مسجد میں نماز کے ساتھ ساتھ قرآن مجید کی تعلیمات کے لیے موجودہ نظام پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر مسجد کے سابق امام مولانا محمد اقبال ملا ندوی کی کاوشوں اور قربانیوں کا بھی تذکرہ کیا گیا اور یہاں کے مصلیوں کو مسجد سے تعلق بنائے رکھنے کے لیے ان کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ماسٹر شفیع شاہ بندری نے اپنے پرانی یادوں کا تذکرہ کرتے کئی سابق ذمہ داران اور محسنین کا تذکرہ کیا۔
مقررین میں قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی ، مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی ، صدرِ جامعہ مولانا عبدالعلیم قاسمی ، امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی ، صدر لائن اسپورٹس سینٹر مولانا ذاکر ندوی اور دیگر نے خطاب کیا۔مولانا عبدالعلیم قاسمی کی دعا پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
