بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل اور مضافاتی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور بار بار "پاور کٹ” نے عوام کو سخت اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔بارش اور گرج چمک کا سلسلہ باقاعدہ شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ اس سے قبل ہی بجلی کی کٹوتی کا سلسلہ جاری تھا۔ اب جبکہ علاقے میں کڑک اور گرج کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی ہے بجلی مکمل طور پر غائب ہوچکی ہے، جس کی بحالی کے حوالے سے محکمہ کی جانب سے کوئی واضح صورتحال سامنے نہیں آئی ہے۔
بھٹکل کے عام شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف مئی کی جھلسا دینے والی گرمی اور دوسری طرف مچھروں کی بہتات نے ان کا جینا دشوار کر دیا ہے۔ رات بھر بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ رات بھر سو نہیں پائے۔ شہریوں نے اپنی تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "شدید گرمی اور مچھروں کے بیچ ہم جیسے غریب لوگ کس طرح راتیں گزاریں گے، اس کا علم صرف اوپر والے کو ہی ہے”۔ عوامی حلقوں نے محکمہ بجلی (HESCOM) کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور بجلی کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنائیں تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔

بھٹکل میں بجلی کی آنکھ مچولی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا : شدید گرمی اور مچھروں کی بہتات سے عوام پریشان
بھٹکل میں بجلی کی بار بار کٹوتی اور بارش کے بعد طویل پاور کٹ نے عوام کو پریشان کر دیا۔ شدید گرمی اور مچھروں کی وجہ سے شہری راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔



