بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل کے انجمن آباد میں منعقدہ دوروزہ تبلیغی اجتماع آج جمعرات کی رات تقریباً نو بجے رقت آمیز اور دلوں کو جھنجھوڑ دینے والی دعا کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس موقع پر پورا پنڈال سسکیوں، آنسوؤں اور خشوع و خضوع کا روح پرور منظر دیکھنے کو ملا، جب کہ ہزاروں افراد نے ہاتھ اٹھا کر اللہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر دعائیں کیں۔ یہ مناظر دیر تک حاضرین کے دلوں میں نقش رہنے والے تھے۔
یہ عظیم الشان اجتماع بدھ کے روز فجر کی نماز کے فوراً بعد شروع ہوا تھا، جس کے لیے شہر اور ضلع کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ انجمن آباد پہنچے۔ اجتماع کے دوران ایمان کی تجدید، اعمال کی اصلاح، نماز کی پابندی، اخلاص، دعوت و تبلیغ کی اہمیت، اور سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق زندگی گزارنے جیسے موضوعات پر متعدد ایمان افروز نشستیں منعقد ہوئیں۔ ان نشستوں میں بھٹکل اور بنگلورو سے تشریف لانے والے علماء کرام اور جماعت کے ذمہ داران نے نہایت مؤثر اور دلنشیں انداز میں خطاب کیا، جس نے حاضرین کے دلوں میں دین سے وابستگی کی نئی روح پھونک دی۔
اجتماع کے دوسرے دن یعنی جمعرات کو بعدنم نماز ظہر انجمن کی مسجد میں علماء کرام کی خصوصی نشست منعقد ہوئی، جس میں دینی ذمہ داریوں، امتِ مسلمہ کی موجودہ حالت، اصلاحِ معاشرہ اور دعوت کے تقاضوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ علماء نے اس بات پر زور دیا کہ ہر مسلمان کو اپنے ایمان اور اعمال کی فکر کرنی چاہیے اور دین کی دعوت کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
اسی طرح بعد نماز عصر انجمن کی مسجد میں طلبہ کے لیے خصوصی جوڑ رکھا گیا، جس میں نوجوانوں اور طلبہ کو تعلیم کے ساتھ دین سے مضبوط تعلق قائم رکھنے، بری صحبت سے بچنے اور اعلیٰ اخلاق و کردار اپنانے کی تلقین کی گئی۔ اس موقع پر طلبہ نے بڑی توجہ کے ساتھ بیانات سنے اور اپنے اندر عملی تبدیلی لانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوسری جانب ماہی گیر طبقہ کے لیے کھانے کے زون میں علیحدہ جوڑ منعقد کیا گیا، جس میں ان کی دینی، اخلاقی اور معاشرتی زندگی سے متعلق رہنمائی کی گئی اور انہیں حلال روزی، نماز کی پابندی اور دینی ماحول سے جڑے رہنے کی نصیحت کی گئی۔
اجتماع کی آخری مجلس میں شرکت کے لیے شہر کے مختلف محلوں اور آس پاس کے علاقوں سے لوگوں کی بڑی تعداد انجمن آباد پہنچی، جس کے نتیجے میں شہر کے کئی حصوں، خصوصاً بازار اور تجارتی مراکز میں غیر معمولی سناٹا چھایا رہا۔ دکانیں جلد بند کر دی گئیں اور عوام نے دنیاوی مشغولیات کو ترک کرکے آخری دعا میں شریک ہونے کو ترجیح دی۔
اختتامی دعا کے دوران علماء کرام نے امتِ مسلمہ کی ہدایت، ملک و ملت کے امن و امان، معاشرتی اصلاح، نوجوانوں کی حفاظت، اور مرحومین کی مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ دعا کے وقت پنڈال میں موجود ہر آنکھ اشکبار نظر آئی اور حاضرین نے اس اجتماع کو اپنی زندگی میں ایک روحانی موڑ قرار دیا۔
اجتماع کے کامیاب انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے تمام شرکاء، رضاکاروں اور معاونین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا اور یہ امید ظاہر کی گئی کہ اس دوروزہ تبلیغی اجتماع کے اثرات فرد کی ذات سے نکل کر خاندان اور معاشرے تک پہنچیں گے اور بھٹکل سمیت پورے خطے میں دینی بیداری، اخلاقی اصلاح اور اسلامی اقدار کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
اجتماع کے دوران پارکنگ ، کھانے پینے وغیرہ کے وسیع تر انتظامات کیے تھے جبکہ ضروریات سے فارغ ہونے کے لیے بھی انتظامات میں کسی طرح کی کمی نہیں تھی۔
