بھٹکل (11 نومبر): مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش کے موقع پر، آج مولانا آزاد پبلک اسکول بھٹکل میں ان کی علمی و قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قومی یومِ تعلیم نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
پروگرام کا افتتاح شری سنیل یم، ایگزیکیو افیسر تعلقہ پنچایت بھٹکل کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ تقریب کی صدارت جناب عبدالرقیب یم جے جنرل سکریٹری مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل نے کی، جنہوں نے اپنے صدارتی کلمات میں تعلیم کے فروغ میں تنظیم کے کردار اور مولانا آزاد کے نظریات کی عصری اہمیت پر روشنی ڈالی۔
مہمانِ خصوصی کے طور پر تشریف لائے معروف شاعر و سینئر صحافی ڈاکٹر حنیف شباب نے مولانا آزاد کی علمی، فکری اور تعلیمی خدمات پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیرِ تعلیم کی حیثیت سے مولانا آزاد نے ملک کے نظامِ تعلیم کو ایک نئی سمت عطا کی۔
انہوں نے کہا کہ "مولانا آزاد نے تعلیم کو محض ڈگری یا نوکری کا ذریعہ نہیں بلکہ قومی بیداری، فکری آزادی اور سماجی یکجہتی کا ہتھیار بنایا۔ آج کا دن ہمیں یہی پیغام دیتا ہے کہ تعلیم کو انسانی خدمت اور ترقی کا وسیلہ بنائیں۔”
مزید کہا کہ ان کی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ہندوستان میں تعلیم کے بڑے بڑے مراکز قائم ہیں، نئی نسل کو مختلف فنون میں مہارت حاصل کرنے کے لیے بے شمار وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، اور ہندوستان دنیا بھر میں تعلیم کے میدان میں اپنا ایک نمایاں مقام بنانے میں کامیاب ہو چکا ہے۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں جب ان کی پیدائش کو قومی یومِ تعلیم کے طور پر منایا جاتا ہے، تو اس کا پیغام یہی ہوتا ہے کہ ہمیں ان کے افکار و نظریات کو اپناتے ہوئے تعلیم کو صرف جبری یا رسمی علم تک محدود نہ رکھنا چاہیے، بلکہ جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا چاہیے۔ اس جدوجہد میں سب سے اہم کردار اساتذہ اور والدین کا ہے — اس لیے ضروری ہے کہ مولانا آزاد کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کا مطالعہ کیا جائے، ان سے سبق حاصل کیا جائے، اور آنے والی نسل کو علم، اخلاق اور بصیرت کے ساتھ تیار کرنے کی کوشش کی جائے۔
پروگرام میں جناب فیاض ملّا (سابق کونسلر منسپالٹی بھٹکل)، جناب عتیق الرحمن شاہ بندری (ایڈیٹر بھٹکل ڈاٹ کام)، مولانا سید اظہر برماور ندوی (فکر خبر) اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری جناب مبشر ہلّارے سمیت مختلف سماجی و تعلیمی شخصیات شریک رہیں۔
صبح 10 بجے طلبہ، اساتذہ اور محکمہ کے افسران کی قیادت میں قومی یکجہتی کے پیغام پر مشتمل جلوس نکالا گیا، جب کہ پروگرام کا باضابطہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر شمس الدین صاحب نے اسکول کی خدمات اور آئندہ منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اسکول کو دوبارہ فعال کرنے میں ڈسٹرکٹ منسٹر منکال ویدیا کا اہم کردار رہا ہے، اور اب LKG سے PUC تک کی تعلیم کا باقاعدہ نظم شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام اور مقامی اداروں خصوصاً مجلسِ اصلاح و تنظیم سے تعاون کی اپیل کی۔
پروگرام کے اختتام پر طلبہ و اساتذہ نے عہد کیا کہ وہ مولانا آزاد کے تعلیمی نظریات کو اپناتے ہوئے تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے۔




