بھٹکل (فکرو خبر نیوز) شہر کے وینکٹاپور علاقے میں قومی شاہراہ پر کل رات پیش آنے والے ایک دلخراش سڑک حادثے میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ جس سے ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ساتھ پورا علاقہ سوگوار ہو گیا۔حادثہ نصف شب کے قریب اس وقت پیش آیا جب شرالی سے بھٹکل کی جانب آ رہی ایک کار بے قابو ہو کر سڑک کنارے نصب بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم پولیس کو جائے وقوعہ پر بڑی مقدار میں جیلی پتھر بکھرے ہوئے ملے ہیں، جس کے باعث گاڑی کے پھسلنے یا ڈرائیور کے کنٹرول کھونے کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق جائے حادثہ کے آس پاس تین سے چار سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، جن کی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے۔ تفتیشی ٹیم کو امید ہے کہ ویڈیو ریکارڈنگ سے حادثے کے اسباب واضح ہو سکیں گے۔کار عبدالسلام اکرمی کے فرزند عیان (20) چلا رہے تھے، جو منگلورو میں ایک کالج کے طالب علم تھے۔ حادثے میں وہ شدید زخمی ہو گئے اور انہیں فوری طور پر اڈپی منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم افسوسناک طور پر وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔گاڑی میں سوار دوسرے نوجوان بلال (15)، ولد محمد اشرف رکن الدین شپائی، جو بھٹکل کے آزاد نگر کے رہائشی اور دسویں جماعت کے طالب علم تھے جو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ بلال کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے بھٹکل کے سرکاری اسپتال منتقل کی گئی جہاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نعش اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی۔دو کم عمر نوجوانوں کی اس ناگہانی موت نے دونوں خاندانوں کو ناقابلِ تلافی صدمہ پہنچایا ہے، جبکہ علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی باشندے اور اہلِ علاقہ ان نوجوانوں کے اچانک بچھڑ جانے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں، جن کے روشن مستقبل کے خواب ایک لمحے میں ٹوٹ گئے۔پولیس نے معاملے کی باقاعدہ جانچ شروع کر دی ہے اور حادثے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
