بھٹکل میں عید کی خریداری کا آغاز، بازاروں میں چہل پہل

بھٹکل: رمضان المبارک کے آخری دنوں کے قریب آتے ہی بھٹکل کے بازاروں میں عید کی خریداری کی رونقیں بڑھنے لگی ہیں۔ شہر کی اہم مارکیٹوں اور گلیوں میں دکانیں خوبصورتی سے سجا دی گئی ہیں اور تاجر عید کی ضروریات خریدنے آنے والے گاہکوں کے منتظر نظر آرہے ہیں۔

بھٹکل کے مقامی افراد کے ساتھ ساتھ اطراف کے علاقوں سے بھی لوگ خریداری کے لیے شہر کا رخ کر رہے ہیں۔ خاص طور پر کنداپور، کنڈلور، گنگولی، بیندور اور شیرور کے علاوہ ہوناور، کمٹہ اور شرواتی بیلٹ کے مختلف دیہی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ بھٹکل پہنچ رہے ہیں۔ عید کی خریداری کے لیے بھٹکل بازار کو اس پورے خطہ میں ایک اہم مرکز کی حیثیت حاصل ہے۔

بازار میں کپڑوں، جوتوں، بچوں کے ملبوسات، خواتین کے ملبوسات اور عید سے متعلق دیگر اشیاء کی دکانوں پر خاصی سرگرمی دیکھی جارہی ہے۔ اس مرتبہ تاجروں نے خواتین اور بچوں کے لیے نئے اور منفرد ڈیزائن کے ملبوسات کا خاص انتظام کیا ہے جس میں روایتی اور جدید طرز کے لباس شامل ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ رمضان کے آخری عشرہ میں خریداروں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کی امید ہے۔

ادھر رمضان کے آخری عشرہ میں لگنے والا بھٹکل کا مشہور باکڑہ بازار ابھی باقاعدہ طور پر شروع نہیں ہوا ہے، تاہم اس کی ابتدائی تیاریاں نظر آنے لگی ہیں۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ باکڑہ بازار کے لگنے کے بعد خریداروں میں اضافہ اور بازار میں مزید رونق پیدا ہوگی۔

شہر کے تاجروں کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے عید قریب آتی جائے گی، بازاروں میں بھیڑ میں اضافہ ہوگا اور رات کے اوقات میں بھی خریداروں کی بڑی تعداد دیکھنے کو ملے گی۔ عوام نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں عید کی خریداری کے باعث بھٹکل کے بازاروں میں مزید چہل پہل اور خوشگوار ماحول پیدا ہوگا۔