بھٹکل (فکر وخبر نیوز) 5اپریل 2025ء سخت ترین گرمی کے بعد آج شام ہونے والی تیز ترین ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد بھٹکل میں موسم کافی خوشگوار ہو گیا ہے۔
تقریبا سوا آٹھ بجے شروع ہونے والی بوندا باندی بہت جلد موسلا دھار بارش میں تبدیل ہو گئی اور سڑکوں چوراہوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا۔ زوردار بجلی کی چمک کے ساتھ ہونے والی اس بارش کے بعد موسم میں کافی خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
گزشتہ کل یعنی جمعہ کی شب کو بھی بھٹکل میں گرج چمک کے ساتھ دیر رات کو بارش ہو گئی تھی جس کے بعد آج سنیچر کو دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو ملا تھا۔ لیکن شام ہوتے ہوتے آسمان پھر ابرآلود ہونے لگا اور عشا بعد زوردار بارش کے نتیجے میں موسم میں تبدیلی دیکھنے کو ملی ۔اچانک ہونے والی اس بارش کی وجہ سے لوگ کافی دیر تک مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے نظر آئے۔
گرج چمک کے ساتھ ہونے والی اس بارش کے بعد پورے شہر میں بجلی سپلائی متاثر ہو گئی ہے۔لوگوں کو تشویش ہے کہ اگر بجلی بحال ہونے میں دیر لگ جاتی ہے تو پھر لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خبر لکھے جانے تک بارش کا سلسلہ مکمل طور پر تھما نہیں ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ رات کو بھی مزید بارش ہونے کے امکانات ہیں۔