بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل (فکروخبرنیوز) گزشتہ ماہ منعقدہ پانچویں بین الجماعتی کانفرنس میں منظور شدہ تجاویز کے عملی نفاذ کے سلسلے میں آج بعد نمازِ عشاء مسجد تنظیم ملیہ میں ایک اہم اجلاسِ عام مجلس اصلاح وتنظیم کے زیر اہتمام ’’معاشرہ کی اصلاح و تعمیر اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا گیا۔ جس میں علماء کرام، دانشوران اور مختلف جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کرتے ہوئے صالح معاشرہ کی تشکیل اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ زندگی گزارنے کی تلقین کی۔
پروگرام کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کنوینر جناب عتیق الرحمن منیری نے کہا کہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اتحاد پیدا کرنا اور محاسبہ کے ذریعے اپنی کمزوریوں کو دور کرنا زندہ قوموں کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنسیں اسی وقت کامیاب ہوتی ہیں جب ان کی تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کی سنجیدہ کوشش کی جائے اور عوام ذمہ داران کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پندرہ سال کے وقفہ کے بعد منعقد ہونے والی بین الجماعتی کانفرنس تین دنوں پر مشتمل تھی جس کی گیارہ نشستوں میں 42 اداروں اور جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی نے کانفرنس میں منظور شدہ سیاسی، سماجی اور تعلیمی تجاویز پیش کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانفرنسوں اور جلسوں کا اصل مقصد اصلاحِ معاشرہ ہے، مگر اصل کامیابی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب ان کے پیغام کو عملی زندگی میں نافذ کیا جائے۔ انہوں نے قرآن مجید کی روشنی میں جدوجہد اور اخلاص کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مخلص کوششوں کے لیے راستے کھول دیتا ہے۔ مولانا نے حضرت مولانا علی میاں ندویؒ کے حوالے سے بھٹکل کو ’’بیت الکل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر اپنی منفرد تہذیب رکھتا ہے اور یہاں کی فضا میں ڈھل جانا ہی اس کی خصوصیت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اصلاح کی شروعات خود اپنی ذات سے ہونی چاہیے۔
امام و خطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی نے کہا کہ جب تک مقصدِ زندگی سامنے رہے گا قوم صحیح راستے پر قائم رہے گی، اور احساسِ جوابدہی کے فقدان سے انحراف پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے شریعت سے دوری اور دنیا پرستی کو موجودہ مسائل کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے نوجوان نسل کو دین سے وابستہ رکھنے کی فکر پر زور دیا۔
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی نے اعضاء کی حفاظت اور اخلاقی پاکیزگی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی آنکھ، کان اور دیگر اعضاء دل پر اثر انداز ہوتے ہیں، اس لیے انہیں اللہ کی نافرمانی سے بچانا ضروری ہے۔ انہوں نے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں سادگی اختیار کرنے اور آخرت کی جوابدہی کو پیش نظر رکھنے کی تلقین کی۔
مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے تجاویز کے عملی نفاذ کی ضرورت پر زور دیا اور آنے والے ماہِ رمضان کو اصلاح اور تعلق مع اللہ مضبوط کرنے کا بہترین موقع قرار دیا۔
صدرِ تنظیم جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے ذمہ دار شہری بننے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بغیر لائسنس گاڑی چلانے اور دیگر سماجی بے ضابطگیوں پر توجہ دلائی۔
پروگرام کا آغاز مولوی محمد شکیب شاہ بندری ندوی کی تلاوت و ترجمہ سے ہوا، جب کہ نعت مولوی عمیر سدی باپا ندوی نے پیش کی۔ بین الجماعتی کانفرنس کا ترانہ مولوی زفیف شنگیری ندوی نے اپنے منفرد انداز میں پیش کیا۔ نائب کنوینر جناب محی الدین الطاف کھروری کے کلماتِ تشکر اور صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم قاسمی کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
