بھٹکل : 7اپریل/2025ء (فکروخبرنیوز)مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل (کرناٹک) کے زیر اہتمام بھٹکل میں امسال الحمدللہ تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار کلوسے زائد چاول جمع ہوا اور عیدالفطر کی رات ہی اس کی تقسیم عمل میں آئی،مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل کے کنوینر مولانا محمد الیاس صاحب ندوی بھٹکلی نے بتا یا کہ اس سلسلہ میں بھٹکل،ہوناور وکمٹہ،شیرور وآس پاس میں 58حلقے بنائے گئے تھے،جہاں مختلف محلوں سے جمع شدہ فطرہ کی تقسیم عمل میں آئی،اس سلسلہ میں بیرون کی بھٹکل مسلم جماعتوں وغیرہ سے امسال بڑی مقدار میں چاول موصول ہوا، شیرورسے بشمول بھٹکل،ہوناور وشراوتی بیلٹ اور کمٹہ و انکولہ تک کے ایک ہزار آٹھ سو انسٹھ (1859) خاندانوں میں اس دوران چاول تقسیم کیا گیا،اوسطاً ہر خاندان کو50کلو اور زیادہ سے زیادہ بعض نادار اور معذور بڑے خاندانوں کو ایک کوئنٹل تک چا ول دیا گیا، اس سال چوتھی دفعہ بھٹکل وآس پاس کے تمام حلقوں میں فی خاندان پانچ کلو باسمتی چاول بھی تقسیم کیا گیا، تقسیم فطرہ کے دائرے کو وسعت دیتے ہوئے شرواتی بیلٹ پر واقع گیر سوپا، ہیرانگڈی، سڑلگی وہوناور وغیرہ کے اطراف کے علاقوں کو بھی گزشتہ تین سال سے اس میں شامل کیا گیا تھا۔
حسب سابق امسال بھی تمام حلقوں میں از سر نو سروے کیا گیااور اس سلسلہ میں رمضان المبارک میں فطرہ کمیٹی کی دو مشاورتی نشستیں منعقد ہوئیں،بھٹکل میں اجتماعی طور پر فطرہ کی تقسیم کا یہ مستحسن کام الحمدللہ گذشتہ چالیس سالوں سے جاری ہے اور الحمدللہ اس میں ہر سال ترقی ہورہی ہے،اس سلسلہ میں خلیج میں مقیم بھٹکل جماعتوں اور مختلف محلوں واسپورٹس سینٹر وں کے نوجوانوں کے تعاون اور مقامی علماء ونوجوان کی خصوصی دلچسپی کوفراموش نہیں کیا جاسکتا،اس سال جمع وتقسیم فطرہ کا جائزہ لینے او ر اس کام کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلہ میں فطرہ کمیٹی کے ممبران کی عیدملن نشست مع ظہرانہ کوسموس اسپورٹس سینٹر کے زیر اہتمام خلیفہ جامع مسجد سے متصل محکمہ شرعیہ کے ہال میں بروز پیر بعد نماز ظہر منعقد ہوئی جس میں خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکل مسلم جماعتوں کے ذمہ داران کے علاوہ بھٹکل میں قائم مرکزی تعلیمی وسماجی اداروں، دونوں جماعتوں،تنظیم،انجمن اور جامعہ کے عہدہ داران،عمائدین اور شہر کے علماء بھی موجود تھے، جلسہ کی نظامت جناب سیدیس یم پرویز صاحب نائب کنوینر مرکزی فطرہ کمیٹی نے کی اور صدارت مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے صدر جناب ایس ایم سید محی الدین صاحب مارکیٹ نے کی، فطرہ کمیٹی کی طرف سے مہمانوں کا استقبال ایڈوکیٹ مولانا تیمور صاحب گوائی ندوی نے کیا،کنوینر مولانا محمد الیاس صاحب ندوی نے اس سال کی فطرہ کمیٹی کی مکمل رپورٹ مع آمدوخرچ حساب پیش کی، جامعہ کے صدر مولانا عبدالعلیم صاحب قاسمی، ناظم مولانا محمد طلحہ صاحب رکن الدین ندوی، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین صاحب اکرمی ندوی، جنرل سکریٹری مجلس اصلاح وتنظیم مولانااعبدالرقیب صاحب ایم جے ندوی، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری جوباپو اسمعیل صاحب اور انجمن حامی مسلمین کے نائب صدر پلور صادق صاحب وغیرھم نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ممبران کی ہمت افزائی فرمائی اور اس سلسلہ میں کام کی توسیع و استحکام کے سلسلہ میں اپنے مفید مشوروں وتجاویز سے نوازا،مولانا ایمن صاحب قمری ندوی(نائب قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل) کی دعاپر نشست کا اختتام ہوا۔
رپورٹ: محمد مستقیم محتشم ندوی