بھٹکل (فکر و خبر نیوز) بھٹکل کے باصلاحیت نوجوان انظر حسین سوکور نے عالمی سطح پر اپنی قابلیت کا لوہا منواتے ہوئے ACCA (ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس) امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر 10واں اور قومی سطح پر تیسرا مقام حاصل کرکے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے شہر کا نام روشن کیا ہے۔
انظر حسین، امتیاز سوکور کے فرزند اور الہلال ایسوسی ایشن کے رکن ہیں۔ ان کی کامیابی کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ انہوں نے اپنی مکمل تعلیم بھٹکل ہی میں رہ کر حاصل کی، جو مقامی طلبہ کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے کہ محدود وسائل کے باوجود بڑی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی کے ساتھ ساتھ انظر حسین دینی تعلیم میں بھی سرگرم ہیں اور اس وقت حفظِ قرآن مجید کے آخری مرحلے میں ہیں، جہاں تکمیل کے لیے چند پارے باقی رہ گئے ہیں۔ اس طرح وہ دنیاوی اور دینی تعلیم کا حسین امتزاج پیش کر رہے ہیں۔
اپنی تہنیت کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انظر حسین نے کہا کہ انہوں نے ایسے کئی نوجوانوں سے ملاقات کی ہے جو اسی کورس کے لیے بنگلورو اور دیگر شہروں کا رخ کرتے ہیں، لیکن انہوں نے بھٹکل میں رہ کر ہی یہ کورس مکمل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ACCA کے ساتھ ساتھ وہ بی کام کی تعلیم بھی جاری رکھے ہوئے تھے، جس سے ان کے تعلیمی سفر میں توازن برقرار رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھٹکل میں رہنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ یہاں کے اساتذہ نے ہر مرحلے پر ان کی رہنمائی کی، جبکہ دینی ماحول نے انہیں حفظِ قرآن کی طرف مائل کیا۔ ان کے مطابق اگر عزم مضبوط ہو تو اپنے ہی شہر میں رہ کر بھی عالمی سطح کی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
ان کی اس نمایاں کامیابی پر الہلال ایسوسی ایشن کی جانب سے ہلال شریف جمعہ مسجد میں منعقدہ فطرہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ان کی تہنیت کی گئی اور ان کی محنت، لگن اور عزم کو خوب سراہا گیا۔
یہ کامیابی بھٹکل کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ وہ بھی اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ محنت، یکسوئی اور صحیح رہنمائی کو اپنا شعار بنائیں۔
فکر و خبر بھٹکل بھی انظر حسین کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعاگو ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح کامیابیوں کی نئی منزلیں طے کرتے رہیں اور قوم و ملت کے لیے باعثِ فخر بنتے رہیں۔
