بھٹکل (فکر و خبر نیوز) بھٹکل کے معروف تعلیمی ادارے انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ (AITM) کے شعبہ الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم احمد حلوے گر کو سرینواس یونیورسٹی، منگلورو کی جانب سے پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا۔ انہیں یہ اعزاز 28 مارچ 2026 کو منعقدہ آٹھویں کانوکیشن تقریب میں دیا گیا۔
ڈاکٹر وسیم احمد حلوے گر، نذیر احمد حلوے گر کے فرزند ہیں۔ ان کا اصل تعلق بیلگام شہر سے ہے، تاہم وہ گزشتہ 38 برسوں سے بھٹکل میں مقیم ہیں اور یہیں اپنی تعلیمی و تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی مکمل تعلیم انجمن بھٹکل سے ہوئی، جس کے بعد انہوں نے انجینئرنگ کی ڈگری بھی انجمن سے حاصل کی، جبکہ الیکٹرانکس میں ماسٹرز منگلورو سے مکمل کیا اور بالآخر پی ایچ ڈی کی ڈگری سرینواس یونیورسٹی سے حاصل کی۔
ان کا تحقیقی مقالہ بعنوان “Efficient S-Hilbert–Huang Transform with Advance Surge Protection Device to Reduce Grid Integration Issues and Enhance the Power Quality” توانائی کے معیار، گرڈ انٹیگریشن اور قابلِ تجدید توانائی کے نظام پر مرکوز ہے، جو بڑھتی ہوئی عالمی توانائی ضروریات کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ تحقیق بجلی کے نظام کو بہتر بنانے اور توانائی کے مؤثر استعمال میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ڈاکٹر حلوے گر گزشتہ 15 سال سے انجمن کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں اور تدریسی میدان میں ان کا وسیع تجربہ اور لگن قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے اپنی اس کامیابی کو انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے معزز اراکین، اے آئی ٹی ایم کے پرنسپل، رجسٹرار اور عملے کی مسلسل رہنمائی، حوصلہ افزائی اور تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تعلیمی زندگی میں والد کے بعد سب سے زیادہ کردار انہی شخصیات کا رہا ہے۔
اس موقع پر اے آئی ٹی ایم کے پرنسپل، رجسٹرار اور دیگر عملے نے ڈاکٹر وسیم احمد حلوے گرکو اس نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر حلوے گر کی یہ کامیابی نہ صرف ادارے بلکہ پورے بھٹکل کے لیے باعثِ فخر ہے ۔
فکروخبر بھٹکل ڈاکٹر وسیم حلوے گر کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید علمی ترقیوں سے نوازے۔ آمین
