بھٹکل (فکر و خبر نیوز) بھٹکل کے انجمن آرٹس ، سائنس اینڈ کامرس کالج میں اتوار 29 مارچ 2026 کو بی کام کے آخری سال کے طلبہ کے لیے ایک اہم کامرس کیریئر گائیڈنس پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کو گریجویشن کے بعد کی عملی زندگی کے متعلق انہیں رہنمائی کی گئی۔
یہ پروگرام کالج کے انٹرنل کوالٹی ایشورنس سیل (IQAC) کے تحت پرنسپل پروفیسر محمد یوسف کولا کی سرپرستی میں اور پروفیسر محمد غنیم کی نگرانی میں اسٹوڈنٹس ویلفیئر ونگ کے ذریعے منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز عبدالبدیع کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض ذوالفقار محتشم نے انجام دیے۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی دبئی میں کیٹپلٹ آڈیٹنگ ایل ایل سی سے وابستہ آڈیٹر سی اے محمد غسان محتشم تھے، جنہوں نے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں، دلچسپیوں اور مستقبل کے اہداف پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ترغیب دی۔
انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ دوسروں کی اندھی تقلید کے بجائے خود آگاہی پیدا کریں، روزمرہ کی منظم روٹین اپنائیں اور اپنی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ڈگری حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ سیکھنے کا تسلسل اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا اصل کامیابی کی کنجی ہے۔
سی اے غسان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کالج کی غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینا طلبہ کی شخصیت سازی اور اعتماد میں اضافے کے لیے نہایت اہم ہے جو محض نصابی تعلیم سے حاصل نہیں ہو سکتا۔
پروگرام میں عملی مشقیں بھی شامل تھیں جن کے ذریعے طلبہ کو خود احتسابی اور اپنی صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع ملا۔ طلبہ نے اس سیشن کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں اپنے مستقبل کے حوالے سے واضح سمت حاصل ہوئی۔
اس موقع پر وائس پرنسپل پروفیسر حبان، شعبۂ کامرس کے سربراہ پروفیسر منجوناتھ پربھو اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔ آخر میں پرنسپل کی جانب سے مہمانِ خصوصی کو یادگاری تحفہ پیش کیا گیا، جبکہ پروفیسر منجوناتھ پربھو نے شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام دوپہر ایک بجے ہوا۔
