بھٹکل (فکروخبر نیوز) علی پبلک اسکول و پی یو کالج میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکرٹری حضرت مولانا فضل الرحیم مجددی کی جمعرات کے روز آمد ہوئی۔ مولانا کی تشریف آوری کی مناسبت سے علی پبلک پی یو سی دوم کے طالب علم سلیم ابن شہیر رکن الدین کے ختمِ قرآن پر دعا کا اہتمام کیا گیا، جس پر حضرت مولانا فضل الرحیم مجددی نے خصوصی دعا فرمائی اور طالب علم کے لیے دینی و دنیوی کامیابی کی دعا کی۔
اس موقع پر ادارے کے روحِ رواں اور معروف عالمِ دین مولانا محمد الیاس ندوی نے خطاب کرتے ہوئے علی پبلک اسکول و پی یو کالج کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ادارے کے قیام کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ علماء عموماً اسکولی نظامِ تعلیم کے میدان میں نہیں ہوتے لیکن اب حالات ایسے ہوگیے ہیں کہ علماء اس میدان میں آنا ناگزیر ہوگیے۔ مولانا نے مزیدکہا کہ علی پبلک اسکول کا مقصد محض عصری تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ طلبہ کی دینی، اخلاقی اور فکری تربیت بھی ہے تاکہ وہ مستقبل میں ایک باکردار، بااخلاق اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔
مہمان خصوصی مولانا فضل الرحیم مجددی صاحب نے قرآن مجید کے فضائل پر توجہ مبذول کراتے ہوئے قرآن مجید کی تلاوت کی ترغیب دی اور علی پبلک اسکول کی طرف سے جاری حفظ کلاس کے نظام کو مزید مستحسن اور مستحکم بنانے پر خصوصی روشنی ڈالی ۔
بتادیں کہ حافظ ہونے والے طالب علم نے اسکول کی تعلیم کے ساتھ اپنے استاد مولانا عبد المنعم قاضی ندوی کے پاس حفظ قرآن کی تکمیل کی ۔ اب تک علی پبلک اسکول سے ۳۵ سے زائد طلبہ وطالبات نے حفظ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی ہے۔
پروگرام کا اختتام دعا پرہوا، جس میں اساتذہ، طلبہ اور ادارے کے ذمہ داران کی بڑی تعداد موجود رہی۔ واضح رہے کہ مولانا عبدالرحیم مجددی صاحب کی بھٹکل کے قریبی علاقے ولکی کی جامع مسجد کے افتتاح کی مناسبت سے آمد ہوئی تھی جہاں مولانا کی آمد پر ہندوستان کے موجودہ حالات پر ایک عظیم الشأن اجلاس عام منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی۔
