بھٹکل (فکروخبر نیوز) رمضان المبارک کے آخری عشرے کو خصوصی فضیلت حاصل ہے، کیونکہ اسی عشرے میں وہ بابرکت رات آتی ہے جو ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر قرار دی گئی ہے۔ اس عظیم رات کو لیلۃ القدر کہا جاتا ہے۔ اسی مقدس رات کی تلاش اور عبادت کے شوق میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہر سال مسجد نبوی میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔
نبی کریم ﷺ کی اسی سنت کی پیروی کرتے ہوئے دنیا بھر میں کروڑوں مسلمان رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کا اہتمام کرتے ہیں۔
بھٹکل میں بھی ہر سال کی طرح اس مرتبہ مختلف مساجد میں اعتکاف کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں بڑی تعداد میں لوگ عبادت اور ذکر و اذکار میں مصروف ہیں۔ جامع مسجد بھٹکل کے علاوہ دیگر جمعہ مساجد اور محلوں کی مساجد میں بھی معتکفین کی نمایاں تعداد دیکھی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس سال بھی سب سے زیادہ معتکفین جامع مسجد میں ہیں، جبکہ خلیفہ جامع مسجد، مسجد تنظیم نوائط کالونی، مدینہ جمعہ مسجد، جمعہ مسجد نور اور مخدومیہ جمعہ مسجد سمیت دیگر وقتیہ مساجد میں بھی بڑی تعداد میں افراد اعتکاف میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
دس دن کے مکمل اعتکاف کے علاوہ رات کے اعتکاف کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے، جس میں نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔ اس طرح بھٹکل کی مساجد عبادت گزاروں سے آباد ہو گئی ہیں اور رات بھر تلاوتِ قرآن، ذکر و دعا اور نوافل کی ادائیگی سے روحانی ماحول قائم ہے۔
